بلوچستان میں حکومتی اتحاد کا تمام امور پر حزب اختلاف کو ساتھ لیکر چلنے پرعزم

وزیراعلی بلوچستان کی زیر صدارت مشترکہ پارلیمانی گروپ کے اجلاس میں حکومتی اتحاد نے تمام امور پر حزب اختلاف کو ساتھ لیکر چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔

وزیراعلی بلوچستان جام کمال خان کی زیرصدارت صوبائی حکومت میں شامل جماعتوں کے مشترکہ پارلیمانی گروپ کا اجلاس منعقد ہوا، اجلاس کے دوران صوبائی اسمبلی کے اجلاس میں شامل ایجنڈے کا جائزہ لے کر لائحہ عمل طے کیا گیا۔

اجلاس کے دوران مختلف سیاسی امور پر غور بھی کیا گیا اور فیصلہ کیا گیا کہ قواعد و ضوابط کے تحت جمہوری و آئینی طریقہ کے مطابق اسمبلی کی کاروائی چلانا حکومت اور اپوزیشن دونوں کی ذمہ داری ہے۔

حکومتی اتحاد نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت تمام امور پر حزب اختلاف کو ساتھ لیکر چلنے پر یقین رکھتی ہے، صوبے کے وسیع تر مفاد اور جمہوری تقاضوں کے مطابق ایوان کا تقدس اورخوشگوار ماحول برقرار رکھا جائے گا۔

اجلاس میں قانون سازی کے عمل کو مزید تیز بنانے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔

cm balochistan

Jam Kamal Khan

collation partners

Tabool ads will show in this div