پاکستانی معیشت جنوبی ایشیاء ميں سب سے پیچھے، رپورٹ
پاکستان بزنس انڈیکس میں جنوبی ایشیا کے دیگر ممالک سے پیچھے رہ گیا، مالی سال کے آخر تک معاشی ترقی کی رفتار میں خطرناک کمی واقع ہو جائے گی، ایشیائی ترقیاتی بینک نے گھنٹی بجا دی، رپورٹ کے مطابق ملک میں مزید مہنگائی کی بھی پیشگوئی، غیر ملکی قرضوں کی بیماری کا علاج بھی مزید قرض کو ہی قرار دے دیا۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی تازہ رپورٹ کے مطابق معاشی ترقی کی دوڑمیں خطے کے تمام ممالک نے پاکستان کو پیچھے چھوڑ دیا، موجودہ مالی سال میں معاشی شرح نمو 6 فیصد ہدف کے مقابلے میں 3.9 فیصد رہے گی، بجٹ خسارے میں کمی لانابھی تبدیلی سرکار کیلئے بڑا امتحان ہے ۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جولائی 2018 سے روپے کی قدر 10.7 فیصد سے زائد گر چکی، پہلی ششماہی میں مجموعی آمدن میں 2.4 فیصد کمی آئی جبکہ اخراجات میں 5.5 فیصد اضافہ ہوا۔
پاکستانی معیشت کا بڑا مسئلہ طاقتور طبقے کا غلبہ ہے، اسد عمر
اے ڈی بی نے مزید مہنگائی کی بڑی پیشگوئی بھی کی کہا گیس قیمتوں میں اضافہ اور روپے کی قدر میں کمی سے مہنگائی مزید رفتارپکڑے گی، یہ بھی کہا حکومتی قرضوں میں کمی سے نجی شعبے کو قرضے کی دستیابی میں اضافہ ہوا۔
اے ڈی بی نے کہا ہے کہ پانی کی قلت کےباعث زرعی شعبے کی ترقی کا ہدف حاصل نہیں ہوسکے گا، سخت مانیٹری پالیسی کے باوجود کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ بلند سطح پررہے گا۔
عالمی تقابلی انڈیکس میں پاکستان 140 ممالک کی فہرست میں 107 ویں جبکہ جنوبی ایشیا ممالک کی فہرست میں آخر پر ہے، ایشائی ترقیاتی بینک نے بیرونی قرضوں کی واپسی کیلئے مزید قرض لینے کی تجویز بھی دے دی ہے۔