پاکستانی معیشت کا بڑا مسئلہ طاقتور طبقے کا غلبہ ہے، اسد عمر

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر کہتے ہیں کہ پاکستانی معیشت کا بڑا مسئلہ طاقتور طبقے کا غلبہ ہے، جس کا خاتمہ مشکل تاہم کم ضرور کیا جاسکتا ہے، فائلرز کی طرح نان فائلرز کیلئے بھی ود ہولڈنگ ٹیکس ختم کردیں گے، ہماری خواہش ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری پروگرام ہو۔

وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے پری بجٹ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ود ہولڈنگ ٹیکس کا جال بڑھتا گیا ہے، تجارت کی راہ میں 41 رکاوٹوں میں سے کئی ختم کردیں، پاکستانی معیشت کا بڑا مسئلہ طاقتور طبقے کا غلبہ ہے، جسے ختم کرنا مشکل تاہم کم ضرور کیا جاسکتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پراپرٹی کے شعبے میں اصلاحات کی ضرورت ہے، ویلتھ ٹیکس کا حامی ہوں، ٹیکس استثنیٰ 3 سے 5 سال ہونا چاہئے، بینکنگ سیکٹرز سے نان فائلرز کیلئے ودہولڈنگ ٹیکس ختم کردیں گے، فائلرز کیلئے یہ ٹیکس پہلے ہی ختم کیا جاچکا ہے۔

اسد عمر نے ودہولڈنگ ٹیکسز میں کمی کی بھی یقین دہانی کرادی، بولے کہ عالمی ادارے غریب ملکوں کے فائدے کی ہر چیز پر ناراض ہوجاتے ہیں، اگر آپ نے حرام کا پیسہ نہیں بنایا تو چھپانے کی کوئی وجہ نہیں، غریب ملکوں سے پیسہ چرا کر ٹیکس ہیون میں لے جایا جاتا ہے۔

سابق وزیر خزانہ کی تعریف کرتے ہوئے بولے کہ سرتاج عزیز مخالف پارٹی کے ہیں لیکن میں ان کا مداح ہوں، سیاسی محاذ آرائی ملکی معیشت کیلئے اچھی نہیں ہوتی، غیر ضروری ودہولڈنگ ٹیکسز کو بجٹ میں ختم کرنے کی تجویز پر غور کررہے ہیں۔

انہوں نے ن لیگ حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ سابق وزیر خزانہ 5 سال میثاق معیشت کی بات کرتے رہے، لیکن ایک بار بھی قائمہ کمیٹی خزانہ میں نہیں آئے، ہم ان کا انتظار ہی کرتے رہ گئے۔

اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے انہوں کہا کہ چاہتا ہوں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں حکومت طے نہ کرے، پارليمنٹ بجٹ میں ٹیکس اور لیوی طے کردے، حکومت کو مداخلت نہ کرنی پڑے، ہماری خواہش ہے کہ آئی ایم ایف کے ساتھ یہ آخری پروگرام ہو۔

PTI

ASAD UMAR

finance minister

Petroleum Price

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div