عام انتخابات میں خواجہ سرا بھی امیدوار
بھارت میں ہونے والے عام انتخابات میں عام آدمی پارٹی نے پہلی بار خواجہ سرا امیدوار کو سیاسی میدان میں اتارا ہے۔
عام آدمی پارٹی کی جانب سے بھارت کی سب سے بڑی ریاست اترپردیش (یوپی) کیلئے پہلے خواجہ سرا امیدوار کو سامنے لانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ بھارت کے آئندہ لوک سبھا الیکشن اپریل کی 11تاریخ سے 19 مئی 2019 تک جاری رہیں گے۔

دہلی کی خواجہ سرا برادری کی رکن بھوانی ناتھ ولمیکی لوک سبھا الیکشن میں عام آدمی پارٹی کی جانب سے پریا گراج ( ماضی کے الہٰ آباد شہر) سے امیدوار ہونگی۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق چھیالیس سالہ ولمیکی ایک سماجی کارکن ہیں، اور وہ کافی عرصے سے یوپی میں سماجی کام کررہی ہیں۔
بھوانی ناتھ دہلی انٹرنیشنل فلم فیسٹول کی جیوری کی رکن بھی رہ چکی ہیں۔ دہلی کے چانکیہ پوری کے علاقے کے ایک معزز خاندان میں پیدا ہونے والی ولمیکی کو اپنی جسمانی تبدیلی کا احساس اس وقت ہوا جب وہ تیرہ برس کی تھیں، جس کے ایک برس بعد انھوں نے اپنا گھر چھوڑ کر اپنی زندگی کو ایک نئے سرے سے شروع کیا۔

اس سے قبل عام آدمی پارٹی کے سینیر رہنما سنجے سنگھ نے ولمیکی کو پارٹی ٹکٹ دینے کے حوالے سے اعلان کیا۔ انھوں نے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ ولمیکی کامیاب ہوکر پارلیمنٹ میں خواجہ سرا کمیونٹی کی پہلی رکن ہونگی۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ بھارتیہ جنتا پارٹی کی جانب سے تین سال قبل خواجہ سرا برادری کے خلاف ایک توہین آمیز بل متعارف کراکر انھیں رسوا کرنے کی کوشش کی گئی تھی۔