اسٹیٹ بینک نے نئی مانیٹری پالیسی جاری کر دی
اسٹیٹ بینک کی نئی پالیسی ریٹ میں پچاس بیسس پوائنٹ اضافے کا اعلان کردیا گیا، رواں مالی سال معاشی ترقی تین اعشاریہ پانچ فیصد رہنے کا امکان ہے، حکام کا کہنا ہے مہنگائی میں اضافے سمیت ملکی معیشت کو کئی چیلنجز درپیش ہیں۔
اسٹیٹ بینک نے یکم اپریل دوہزار انیس سے پالیسی ریٹ میں پچاس بیسس پوائٹس اضافے کا اعلان کر دیا، پالیسی ریٹ دس اعشاریہ دو پانچ فیصد سے بڑھ کر دس اعشاریہ سات پانچ فیصد فیصد کر دیا گیا ہے۔
اسٹیٹ بینک کے مطابق دسمبر دوہزار اٹھارہ تک بیرونی قرضے ننانوے ارب دس کروڑ ڈالر تک پہنچ گئے، جنوری دوہزار انیس تک اندرونی قرضوں کا حجم سترہ ہزار نو سو پچانوے ارب روپے ہو گیا۔
جولائی تا فروری مہنگائی میں اضافے کی شرح چھ اعشاریہ پانچ فیصد تک پہنچ گئی جو گزشتہ سال اسی مدت میں تین اعشاریہ آٹھ فیصد تھی۔
ادائیگیوں کے توازن میں بہتری سے زرمبادلہ زخائر میں بتدریج بہتری آئی ہے تاہم کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ ابھی بھی بلند سطح پر ہے،موجودہ مالی سال میں معاشی شرح نمو تین اعشاریہ پانچ فیصد کے آس پاس رہنے کا امکان ہے۔