نیوزی لینڈ میں تشدد اور نسلی پرستی کی کوئی جگہ نہیں،جیسنڈا آرڈرن

نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جاسنڈا آرڈرن کا کہنا ہے کہ کرائسٹ چرچ حملے میں ایسے مذہب والوں کو نشانہ بنایا گیا جو سب کو "تم پر سلامتی ہو" کہتے ہیں، پوری دنیا انتہا پسندی سے متاثر ہو رہی ہے، ہمیں ملکر اسے ختم کرنا ہوگا، دہشت گردی کا جواب ہماری انسانیت میں ہے، ہم اپنی قوم کے آنسو یاد رکھیں گے۔

نیوزی لینڈ کے شہر کرائسٹ چرچ ميں دہشت گردي کے بعد جمعے کا دوسرا بڑا اجتماع ہوا، جہاں مسجد النور کے سامنے ہيگلے پارک ميں دعائيہ تقريب کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف مذاہب اور کميونٹيز کے افراد نے بڑي تعداد ميں دعائیہ اجتماع میں شرکت کی۔

تقریب میں آسٹريلوي وزيراعظم سميت انسٹھ ممالک کے نمائندے بھي شريک ہوئے۔ وزيراعظم جيسنڈا آرڈرن نے خطاب کا آغاز اور اختتام اسلام و علیکم سے کيا۔ اپنے خطاب میں کیوی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ تشدد اور نفرت کے ليے نيوزي لينڈ ميں کوئي جگہ نہيں،15 مارچ ہماري تاريخ کا سياہ ترين دن تھا، 15مارچ کا واقعہ ہمارے الفاظ ، اعمال اور رحم دلی کو طاقت بخشنے کا پیغام ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس واقعہ نے ہمیں عاجز بنا دیا اور متحد کردیا، دنيا انتہا پسندي سے متاثر ہے، ہميں مل کر اسے شکست دينا ہے، مساجد حملے ميں ايسے مذہب کو نشانہ بنايا گيا جو سب کو کہتا ہے "تم پر سلامتي ہو"، ان 50 افراد کی موت کا دکھ الفاظ میں بیان نہیں کیا جاسکتا، مسلم کمیونٹی کا غم مٹانے کیلیے الفاظ ہو بھی کیا سکتے ہیں؟ہم اپنی قوم کے آنسو یاد رکھیں گے۔

جاسنڈا آرڈرن نے کہا کہ سمجھا تھا ہمارے پاس الفاظ نہیں مگر یہاں السلام و علیکم سننے کو ملا۔ تقریب میں کیوی وزیراعظم نے ایک بار پھر سیاہ لباس پہن کر شرکت کی۔

کرائسٹ چرچ کے ہيگلے گراؤنڈ ميں مساجد حملوں ميں شہيد پچاس نمازيوں کو خراج عقيدت پيش کيا گيا۔ شہداء کے ايصال ثواب کے ليے خصوصي دعا ہوئي۔ دعائيہ تقريب ميں شريک ہزاروں افراد کا جذبہ قابل ديد تھا۔ متاثرين سے اظہار يکجہتي بھي مثالي تھي۔ دہشت گردي کے واقعہ پر وزيراعظم کے مثالي کردار کو شرکاء نے خوب سراہا اور زبردست انداز ميں جيسنڈا آرڈرن کو خراج تحسين پیش کیا کہ گراؤنڈ تاليوں سے گونج اٹھا۔

قبل ازیں میئر کرائسٹ چرچ کا کہنا تھا کہ مساجد پر حملہ ہمیں تقسیم کرنے کی سازش ہے۔ واضح رہے کہ 15 مارچ کو کرائسٹ چرچ کی 2 مساجد پر حملے کے دوران 50 نمازی شہید اور 40زخمی ہوئے تھے۔ حملے کے وقت بنگلہ دیشی کرکٹ ٹیم بھی نماز جمعہ کی ادائیگی کیلئے مسجد پہنچی تھی اور عقبی راستے سے جان بچا کر ہوٹل پہنچی۔

Jacinda Ardern

Muslim Community

Mosque shooting

North Hagley Park

Tabool ads will show in this div