انٹیلیجنس بنیادوں پر آپریشن،2خودکش بمباروں سمیت4دہشتگرد ہلاک
ترجمان پاک فوج کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بنیادوں پر کامیاب آپریشن کے دوران 2 خودکش حملہ آوروں سمیت 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ آپریشن ردالفساد کے تحت صوبہ بلوچستان کے علاقے لورالائی میں سیکیورٹی فورسز نے خفیہ معلومات پر آپریشن کیا جس میں 2 خودکش بمباروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
ترجمان کے مطابق فورسز کی آمد پر دہشت گردوں کی جانب سے شدید فائرنگ کا سلسلہ شروع ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں 4 سیکیورٹی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔ ترجمان کے مطابق فورسز کی جوابی فائرنگ سے 2 خود کش بمباروں سمیت 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق کارروائی میں بلوچستان میں حالیہ دہشت گردی کا ماسٹر مائنڈ بھی ہلاک ہوگیا۔ ہلاک ماسٹر مائنڈ کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ دہشت گرد زیارت میں 6 لیویز اہلکاروں کو شہید کرنے میں ملوث تھے۔ ہلاک دہشت گردوں سے بھاری مقدار میں گولہ بارود بھی برآمد کیا گیا۔ آپریشن کے دوران 4 سیکیورٹی اہلکار بھی معمولی زخمی ہوئے۔
سیکیورٹی فورسز کی جانب سے مذکورہ کامیاب کارروائی علی الصبح کی گئی جب خفیہ اطلاع پر لورالائی کے علاقے ناصر آباد میں مکان پر چھاپہ مارا گیا، اس دوران کمپاؤنڈ میں موجود دہشت گردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں پر فائرنگ کی۔
اے ایس پی عطا الرحمٰن کے مطابق دھماکے سے ساتھ والے گھر کی دیوار بھی گر گئی جس کے نتیجے میں 4 افراد زخمی ہوئے جنہیں ملبے سے نکال کر طبی امداد کے لیے سول اسپتال منتقل کیا گیا۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ 29 جنوری کو بلوچستان میں ہی ڈی آئی جی ژوب رینج کے دفتر پر دہشت گردوں نے حملہ کیا تھا جس میں پولیس اہل کاروں سمیت 9 افراد شہید جب کہ 20 افراد زخمی ہوگئے تھے۔