ملائیشین وزیراعظم کو سب سے بڑے قومی اعزاز ’’نشان پاکستان‘‘ سے نوازا گیا

ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کو نشان پاکستان سے نوازا گیا، صدر عارف علوی نے مہمان وزیراعظم کو اعزاز عطاء کیا۔

ایوان صدر اسلام آباد میں عشائیے کے دوران صدر عارف علوی نے مہمان ملائیشین وزیراعظم مہاتیر محمد کو نشان پاکستان سے نوازا، اس موقع پر وزیراعظم عمران خان بھی موجود تھے۔

صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا کہ اسلاموفوبیا کیخلاف مسلم امہ پاکستان اور ملائیشیا کی طرف دیکھ رہی ہے، دونوں ممالک کو مل کر اسلاموفوبیا کیخلاف جدوجہد کرنی چاہئے۔

وہ بولے کہ پاکستان کے ملائیشیا کے ساتھ دوستانہ تعلقات ہیں، معاشی ترقی اور استحکام کیلئے امن کی بحالی ضروری ہے، انتہاء پسندی معاشرے میں متعدد مسائل کو جنم دیتی ہے، پاکستان جن تجربات سے گزرا دیگر اقوام کو اب اس کا سامنا ہے۔

ڈاکٹر عارف علوی نے مزید کہا کہ پاکستان نے 35 لاکھ افغان مہاجرین کی منفرد میزبانی کی، قوم کی قربانیوں سے دہشت گردی پر قابو پانے میں کامیاب ہوئے۔

مہمان ملائیشین وزیراعظم نے پاکستان کا اعلیٰ ترین سول ایوارڈ ’’نشان پاکستان‘‘ ملنے پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ صنعتی انقلاب سے طرز زندگی میں تبدیلی آتی ہے، کسی بھی ملک کی افرادی قوت کا معاشی ترقی میں اہم کردار ہوتا ہے، دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری سے تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کو سیاحت کے شعبے کی ترقی کیلئے تعاون فراہم کرنے کو تیار ہیں، پاکستان میں سیاحت کے فروغ سے معاشی ترقی ہوگی، عصر حاضر کے تقاضے پورے کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا ہوگا۔

PM

IMRAN KHAN

Dr Arif Alvi

Mahatir Mohammad

Dr Mahathir Mohamad

Tabool ads will show in this div