خاتون کے ہاں 10 منٹ میں 6 بچوں کی پیدائش
ٹیکساس کے علاقے ہیوسٹن میں خاتون کے ہاں 10 منٹ کے وقفے میں 6 بچوں کی پیدائش ہوئی ہے، جو ڈاکٹرز کے مطابق ایک انوکھا کیس ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی جانب سے جاری رپورٹس کے مطابق 4٫7 ملین افراد میں یہ پہلا موقع ہے کہ کسی خاتون نے 10 منٹ میں 6 بچوں کو جنم دیا۔

دی وومن ہاسپٹل ٹیکساس کے مطابق خاتون تھیلما چی آکا کے ہاں 6 بچوں کی پیدائش صبح 4 بج کر 50 منٹ سے 4 بج کر 59 منٹ کے درمیان ہوئی۔ پہلے دو دو جڑواں بیٹے اور پھر جڑواں بیٹیوں کی پیدائش ہوئی۔ جن کے وزن 12 اونس سے 14 اونس کے درمیان ہیں۔
ڈاکٹرز کے مطابق تمام بچے صحت یاب ہیں اور بچوں کے وارڈ میں ہیں، جب کہ والدہ بھی خیریت سے ہیں۔ تین رکنی ڈاکٹرز کی ٹیم نے چی آکا کا آپریشن کیا۔ جس میں دو مسلم ڈاکٹرز بھی شامل تھے۔
اسپتال میں موجود ماں چی آکا نے فی الحال اپنی دو بیٹیوں کا نام زینا اور زوریل رکھا ہے، جب کہ دیگر بچوں کے نام ابھی رکھنا باقی ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق ایک ساتھ 6 بچوں کی پیدائش ایک انوکھا کیس ہے اور ایسا بہت کم ہوتا ہے۔
سال 1968 میں برمنگھم میں پہلی بار ایک خاتون کے ہاں ایک ساتھ 6 بچوں کی پیدائش ہوئی، اس وقت 28 افراد پر مشتمل عملے نے ڈیوٹی سرانجام دی۔ بعد ازاں سال 1983 میں لیور پور کے علاقے میں بھی خاتون کے ہاں ایک ساتھ 6 بچوں کی پیدائش ہوئی۔