مساجد پرحملے کے بعد نیوزی لینڈ اور بنگلہ دیش کے درمیان تیسرا ٹیسٹ منسوخ
نیوزی لینڈ کے شہرکرائسٹ چرچ ميں نماز جمعہ کے دوران 2 مساجد پر فائرنگ کے واقعے کے بعد کیویز اور بنگلہ دیشی ٹیم کے درمیان کھیلی جانے والی ٹیسٹ سیریز کا تیسرا اور آخری میچ منسوخ کردیا گیا ۔
مساجد پرحملے میں بنگلہ ديش کي قومی کرکٹ ٹيم بال بال بچ گئي کیونکہ کھلاڑی نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے مسجد میں موجود تھے۔ بنگلہ دیشی کھلاڑیوں کو مسجد کے پچھلے دروازے سے بمشکل نکالا گيا۔ جہاں سے انہوں نے تيزي سے نکل کر جان بچائی۔
نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ نے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں ٹیسٹ منسوخ کیے جانے کی اطلاع دیتے ہوئے اظہار افسوس کیا اور بتایا کہ دونوں ملکوں کے کرکٹ بورڈز کا مشترکہ فیصلہ ہے کہ کل کھیلا جانے والا ہیگلے اوول ٹیسٹ منسوخ کردیا جائے۔
Our heartfelt condolences go out to the families and friends of those affected by the shocking situation in Christchurch. A joint decision between NZC and the @BCBtigers has been made to cancel the Hagley Oval Test. Again both teams and support staff groups are safe.
— BLACKCAPS (@BLACKCAPS) March 15, 2019
بنگلہ دیش ٹیم کے کپتان تميم اقبال نے بعد ازاں ٹوئٹر پيغام ميں خيريت کي اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ بنگلہ دیش کی ٹیم کے تمام کھلاڑی محفوظ ہیٕں۔
Entire team got saved from active shooters!!! Frightening experience and please keep us in your prayers #christchurchMosqueAttack
— Tamim Iqbal Khan (@TamimOfficial28) March 15, 2019
نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جیسینڈا آرڈرن نے واقعے پر بريفنگ دیتے ہوئے کہا کہ فائرنگ دہشتگردي کا واقعہ ہے، آج ملکی تاريخ کا سياہ ترين دن ہے، ہمارے ملک ميں تشدد کي کوئي جگہ نہيں۔
پاکستاني ہائي کمشنرعبدالمالک نے سماء سے گفتگو ميں بتايا پاکستانی کمیونٹی سے رابطے میں ہیں، واقعے میں کسی بھی پاکستانی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں۔