فٹبال دنیا کے بے تاج بادشاہ کی ریال میڈرڈ میں واپسی

Mar 13, 2019

لیجنڈ فٹ بالر اور ورلڈ کلاس فٹ بال کوچ زیڈان نے ریال میڈرڈ کے ساتھ دوبارہ معاہدہ کرلیا۔

رواں سیزن زیڈان کیلئے شاید اس سے بہتر کوئی دوسرا فیصلہ نہ ہوتا۔ گزشتہ سال زیڈان نے ہسپانوی کلب ریال میڈرڈ کو خیر آباد کہا تھا۔ اس سے قبل انہوں نے سال 2016 میں ریال میڈرڈ کی کوچنگ کا ذمہ اٹھایا، جب ریال میڈرڈ کلب لالیگا کپ میں تیسری پوزیشن پر تھا، تاہم رواں سیزن بھی لالیگا میں کلب کو کچھ ایسی ہی صورت حال کا سامنا ہے۔ زیڈان سے پہلے کلب کے کوچ رافیل بینیٹز تھے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق زیڈان نے ریال میڈرڈ میں واپسی پر خوشی کا اظہار کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ریال میڈرڈ واپس اپنی پرانی پوزیشن پر آجائے۔ انہوں نے کہا کہ جب وہ کلب چھوڑ کر گئے تو اس وقت ٹیم کو تبدیلی کی ضرورت تھی اور اب وہ اس لئے واپس آئے ہیں کہ ریال میڈرڈ سے پیار کرتے ہیں۔

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ زیڈان سے قبل کوچنگ کے فرائض انجام دینے والے سانتیاگو سولاری کو ریال میڈرڈ کی لگاتار تین بار شکست کے بعد فقط چار ماہ بعد ہی فارغ کر دیا گیا ہے۔ نئے معاہدے کے مطابق زیڈان کو ریال میڈرڈ کے ساتھ 30 جون سال 2022 تک کا کنٹریکٹ دیا گیا ہے۔ زیڈان نے گزشتہ برس مئی میں چیمپیئنز لیگ میں تاریخی فتح کے بعد کلب چھوڑنے کا حیران کن اعلان کیا تھا۔

زیڈان کی کلب میں واپسی کے ساتھ ہی کچھ کھلاڑیوں کے مستقبل کی پرفارمنس اور کلب سے وابستگی سے متعلق بھی سوالات کھڑے ہوگئے ہیں، جس میں گراتھ بیل نمایاں ہیں۔

واضح رہے کہ لیجنڈ فٹبالر زیڈان کا شمار فرانسیسی فٹ بال کے بہترین کھلاڑیوں میں ہوتا ہے،وہ تین بار سال کے بہترین کھلاڑی کا اعزاز بھی اپنے نام کر چکے ہیں۔ اس سے قبل ریال میڈرڈ نے سال 2001 میں زین الدین زیدان کے ساتھ ریکارڈ 80 ملین ڈالر کا معاہدہ کیا تھا، جب کہ زیڈان 1996 میں اطالوی کلب جووینٹس سے بھاری معاوضے کے ساتھ منسلک ہوئے تھے۔

 

زیڈان کی سرپرستی میں‌ ریال میڈرڈ نے 104 سے زائد میچ جیتے، جیت کی شرح 69.8 فیصد رہی، جن میں نو ٹرافیاں بھی شامل ہیں۔

Spanish league

LA LIGA

Football Club

Zidane

Juventus F.C.

Tabool ads will show in this div