بلوچستان بھر میں مزید دو روزہ بارش اور برف باری کا امکان
بلوچستان میں گزشتہ روز سے جاری بارش اور برفباری کا سلسلہ تھما ہی تھا کہ محکمہ موسمیات نے مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔ دوسری جانب ناقص میٹیریل کے استعمال کے باعث کوئٹہ کی سڑکیں پانی میں بہہ گئیں۔
محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کوئٹہ، قلات اورمکران ڈویژنز میں مزید بارشوں کی پیش گوئی کر دی۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں کوئٹہ 45، سبی 40، بارکھان 35، قلات 33، ژوب 16، پنجگور اور لسبیلہ 4 اور خضدار میں 2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ زیارت، کان مہترزئی، قلعہ عبداللہ، مسلم باغ میں کئی انچ تک برف پڑی۔
دوسری جانب ناقص میٹریل کے استعمال کے باعث کوئٹہ میں کئی کلو میٹر تک سڑکیں بارش کے پانی میں بہہ گئیں۔
شہری کہتے ہیں کہ سڑکیں طویل عرصے سے ٹوٹی پڑی تھیں لیکن بارش کے باعث ان کی حالت مزید خراب ہو گئی ہے جس کے باعث آمد و رفت کی مشکلات کے ساتھ ساتھ کاروبار پر بھی منفی اثرات پڑے ہیں۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ بارش سے متاثرہ سڑکوں کو مرمت کیا جائے۔