نندی پور پاور پراجیکٹ اسکینڈل، بابراعوان، راجاپرویز سمیت7 ملزمان پر فرد جرم عائد
احتساب عدالت اسلام آباد نے نندی پور پاور پراجیکٹ کیس میں نامزد تمام 7 ملزمان پر فرد جرم عائد کردی۔ تاہم عدالت کے روبرو تمام ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔
اسلام آباد کی احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے نندی پور پاور پراجیکٹ کیس کی سماعت کی۔ عدالت میں جج نے تمام ملزمان کے خلاف عائد چارج شیٹ پڑھ کر سنائی، تاہم ساتوں ملزمان نے صحت جرم سے انکار کیا۔ عدالتی ریمارکس میں جج ارشد ملک کا کہنا تھا کہ ملزمان نے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچایا۔

فرد جرم عائد ہونے والوں میں سابق وزیراعظم پرویزاشرف، سابق وزیر قانون بابر اعوان، سابق سیکریٹری قانون مسعود چشتی اور ریاض کیانی، سینیر جوائنٹ سیکریٹری ڈاکٹر ریاض محمود، سابق ریسرچ کنسلٹنٹ شمائلہ محمود اور سابق سیکریٹری شاہد رفیق شامل ہیں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر منصوبے میں تاخیر پرجوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا تھا، جوڈیشل کمیشن نے تحقیقات کے لیے معاملہ نیب کوبھیجا تھا۔
کیس سے متعلق تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے دورمیں وزرا کی ملی بھگت سے منصوبے میں 2 سال کی تاخیر ہونے سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچا تھا، جب کہ گزشتہ ماہ 11 فروری کو عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر بابر اعوان کی بریت پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔
واضح رہے نیب نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے خلاف نندی پور پاور پراجیکٹ میں کرپشن کا ریفرنس دائر کیا تھا اور بابر اعوان، راجہ پرویز اشرف سمیت 7 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔ بعدازاں وزیر اعظم کے پارلیمانی مشیر بابر اعوان ایڈووکیٹ قومی احتساب بیورو کے ریفرنس میں عائد الزامات پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے اور ان کا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان نے منظور کیا تھا۔