نندی پورپاورپراجیکٹ ریفرنس،ملزمان پرآج فرد جرم عائد ہوگی
نندی پور پاور پراجیکٹ ریفرنس کیس میں سابق وزيراعظم پرويز اشرف اور بابر اعوان سميت سات ملزمان پر قومی خزانے کو ستائيس ارب روپے نقصان پہنچانے پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی۔ عدالت کی جانب سے تمام ملزمان کو عدالت میں حاضری یقینی بنانے کا حکم دیا ہے۔
احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک کیس کی سماعت کریں گے۔ عدالت کی جانب سے تمام ملزمان کو مقدمے کی نقول بھی فراہم کر دی گئیں ہيں۔ نندي پور پاور پراجیکٹ میں بابر اعوان، سابق وزیراعظم پرویزاشرف، سابق سیکريٹری قانون مسعود چشتی اور ریاض کیانی، سینیر جوائنٹ سیکريٹری ڈاکٹر ریاض محمود، سابق ریسرچ کنسلٹنٹ شمائلہ محمود اور سابق سیکريٹری شاہد رفیق ملزمان میں شامل ہیں۔
ملزمان پر نندی پور پاور پراجیکٹ میں تاخیر سے قومی خزانے کو ستائيس ارب روپے نقصان پہنچانے کا الزام ہے۔ بابر اعوان نے جمعہ کو سماعت کے موقع پر بريت کي درخواست واپس لے لي تھي۔ ان کا کہنا تھا کہ والدہ کي ہدايت پر درخواست واپس لي، ٹرائل کا سامنا کرنا چاہتا ہوں۔
یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر منصوبے میں تاخیر پرجوڈیشل کمیشن تشکیل دیا گیا تھا، جوڈیشل کمیشن نے تحقیقات کے لیے معاملہ نیب کوبھیجا تھا۔
کیس سے متعلق تفتیشی حکام کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کے دورمیں وزرا کی ملی بھگت سے منصوبے میں 2 سال کی تاخیر ہونے سے قومی خزانے کو 27 ارب کا نقصان پہنچا تھا، جب کہ گزشتہ ماہ 11 فروری کو عدالت نے فریقین کے دلائل مکمل ہونے پر بابر اعوان کی بریت پر فیصلہ محفوظ کیا گیا تھا۔
واضح رہے نیب نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور وزیراعظم کے مشیر برائے پارلیمانی امور بابر اعوان کے خلاف نندی پور پاور پراجیکٹ میں کرپشن کا ریفرنس دائر کیا تھا اور بابر اعوان، راجہ پرویز اشرف سمیت 7 ملزمان کو نامزد کیا گیا تھا۔
بعدازاں وزیر اعظم کے پارلیمانی مشیر بابر اعوان ایڈووکیٹ قومی احتساب بیورو کے ریفرنس میں عائد الزامات پر اپنے عہدے سے مستعفی ہوگئے تھے اور ان کا استعفیٰ وزیر اعظم عمران خان نے منظور کیا تھا۔