خدشہ ہے بھارت الیکشن سے قبل کوئی اور ایڈونچر نہ کردے،حمزہ

حمزہ شہباز شريف کا کہنا ہے کہ الزام تراشي سے ملکي مسائل حل نہیں ہونگے، مانگے تانگے سے گھر نہیں چلتا تو ملک کیا چلے گا۔ بھارت کی بڑھتی جارحیت پر خدشے کا اظہار کرتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ بھارت کا جنگي جنون ابھی تھما نہيں ہے، خدشہ ہے کہ الیکشن سے قبل پھر کوئي مس ايڈونچر نہ ہو جائے۔

لاہور میں جامعہ نعيميہ میں منعقدہ سیمنار سے خطاب میں پنجاب اسمبلي ميں اپوزيشن ليڈر حمزہ شہباز شريف نے پیش کش کی ہے کہ آئيں پارلیمنٹ میں معاشی ترقی اور ملکی استحکام کا ایجنڈا طے کریں۔ انہوں نے کہا کہ دیر ہوگئي تو قوم کسی کو معاف نہیں کرے گی، ہم بھي ماضي کي خرابيوں کا رونا روسکتے تھے مگر ن ليگ نے ملک سے اندھيرے ختم کيے اور معاشي استحکام ديا۔

حمزہ شہباز کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شريف کو چور ڈاکو کہنے والے عدالتي فيصلہ پڑھ ليں، ہم ہمیشہ قومي ايجنڈا ليکر آئے ہیں، قوم کو سبز باغ دکھانے والے حکمران ہوش کے ناخن ليں۔

توانائی بحران پر ن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ کالا باغ ڈیم بن چکا ہوتا تو آج 6000 میگاواٹ بجلی پیدا ہو رہی ہوتی، کالا باغ ڈیم پر اتفاق رائے کیا جاسکتا تھا، ہمیں فرقہ واریت کے کینسر کا خاتمہ کرنا ہے، ہمیں برداشت پیدا کرنے کی ضرورت ہے، دعا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم ہماری زندگی میں بن جائے، ہماری ترجیحات بجلی کے منصوبوں کو مکمل کرنا تھا، پاکستان کے71سالوں میں15ہزار میگاواٹ بجلی پیدا ہوئی، ن لیگ کے دور میں12ہزار میگاواٹ بجلی پیدا کی گئی۔

اس موقع پر ہم آہنگی اور بھائی چارے پر زور دیتے ہوئے حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ سياسي لڑائياں چلتي رہتي ہيں، تاہم پاکستان کي ترقي پر کوئي سياست نہيں ہوني چاہئے، ہمیں مل کر اس ملک کو آگے لے کر جانا ہے۔

Jamia Naeemia

HAMZA SHEHBAZ

PM IMRAN KHAN

Indian Election

Tabool ads will show in this div