کرنسی اسمگلنگ کیس،ایان علی اشتہاری قرار،دائمی وارنٹ گرفتاری جاری

کسٹم عدالت نے ماڈل ایان علی کو اشتہاری قرار دے دیا۔
کسٹم عدالت میں ایان علی کرنسی اسمگلنگ کیس کی سماعت ہوئی۔ ماڈل ایان علی کے دونوں ضامن شوکت عباس اور محمد نوازعدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے ایان علی کی مسلسل غیر حاضری پر برہمی کا اظہار کیا اور وکلا اور پراسیکیوٹر کو تمام تر تفصیلات جمع کرنے کا حکم دیا۔ عدالت کا کہنا تھا کہ مسلسل خط لکھنے اور 2 ماہ کا وقت دینے کے باوجود ایان علی پیش نہیں ہوئیں ۔
ایان علی کی عدم پیشی پر اشتہاری قرار دیکر جائیداد ضبط ہوسکتی ہے
عدالت نے ملزمہ کے دائمی وارنٹ گرفتاری جاری کردیئے اور مزید کارروائی کیلئے تمام گواہان کو آئندہ سماعت پر طلب کرلیا۔ عدالت نے حکم دیا کہ ملزمہ کے کراچی میں فلیٹ کی فروخت روکنے کیلئے متعلقہ محکموں کو پابند کیا جائے۔ کیس کی سماعت 16 مارچ تک ملتوی کردی گئی ہے۔
پچھلے ماہ 15 فروری کو ہونے والی سماعت میں تفتیشی افسر کی رپورٹ عدالت میں جمع کروادی گئی تھی جس میں بتایا گیا کہ ملزمہ کا اشتہار جاری کر دیا گیا ہے۔ ایان علی کے وکلا نے جج کو بتایا تھا کہ موکلا بیمار ہیں اور عدالت میں پیش نہیں ہوسکتیں جس پر عدالت نے ایان علی کے اثاثوں کی تفصیلات طلب کر لی تھیں۔عدالت نے کہا تھا کہ ایان علی دبئی سے عمان تو چلی جاتی ہیں مگر عدالت میں پیش نہیں ہوتیں۔
کسٹم عدالت کا ایان علی کی طلبی کیلئے اشتہار جاری کرنے کا حکم
واضح رہے کہ منی لانڈرنگ کے الزام میں ایان علی نے تقریبا 2 سال تک عدالت میں پیش ہوتی رہیں اور سپریم کورٹ کے حکم پر ان کا نام ای سی ایل سے نکلتے ہی وہ سال2017 میں فروری کے مہینے میں دبئی روانہ ہوگئی تھیں، جس کے بعد عدالت نے مسلسل 33 سماعتوں سےغیر حاضر ہونے پر ملزمہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کئے۔ ایان علی کے اب تک 3 سے زیادہ مرتبہ وارنٹ جاری ہوچکے ہیں۔
ایان علی کو 14مارچ 2015 میں دبئی جاتے ہوئے 5 لاکھ ڈالرز اسمگل کرنے کی کوشش کے الزام میں بینظیر بھٹوائرپورٹ سے گرفتار کیا گیا تھا۔