بلوچستان میں مزید بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی،محکمہ موسمیات

محکمہ موسمیات نے بلوچستان میں آئندہ 4 روز کے دوران مزید بارشوں اور برفباری کی پیش گوئی کردی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق نیا سسٹم ایران سے آج بلوچستان میں داخل ہوگا جس کے بعد جمعرات اور جمعہ کو کوئٹہ ، ژوب اور قلات ڈویژن میں بارشوں اور برفباری کا امکان ہے۔ ہفتے کے روز بارشوں اور برفباری کا سلسلہ قلات ڈویژن تک محدود رہے گا جبکہ اتوار کو دوبارہ کوئٹہ،ژوب سمیت شمالی بلوچستان میں موسلا دھار بارشوں اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔
حالیہ بارشوں کے بعد سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوا ہے۔ ژوب اور قلات میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 3، کوئٹہ 3 ، بارکھان 7 اور تربت میں 12 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے الرٹ جاری کیا ہے کہ مزید بارشوں اور برفباری سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال مزید پیچیدہ ہو سکتی ہے اور اس کے لئے پیشگی اقدامات کرنا ہوں گے۔