صدر آزاد کشمیر کا ایل او سی کا دورہ، بھارتی گولہ باری کے متاثرین سے ملاقات
آزاد جموں وکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے چکوٹھی سیکٹر میں لائن آف کنٹرول کا دورہ کیا اور بھارتی گولہ باری سے متاثرہ لوگوں سے ملاقات کر کے ان کے مسائل سے آگاہی حاصل کی۔
چکوٹھی پہنچنے پر پانڈو اور کھلانہ سے تعلق رکھنے والے متاثرین سے گفتگو کرتے ہوئے صدر آزادکشمیر نے کہا کہ چکوٹھی اور پانڈو کے عوام نے حالیہ پاک بھارت کشیدگی اور بھارتی جارحیت کے دوران جس مثالی نظم و ضبط ، جرات اور استقامت کا مظاہرہ کیا اس پر وہ مبارکباد کے مستحق ہیں۔
انہوں نے کہا کہ لائن آف کنٹرول کے ساتھ بسنے والے بہادر عوام کے تعاون سے پاک فوج نے دشمن کے بزدلانہ حملے اورناپاک عزائم کو خاک میں ملا دیا اور نہایت موثر انداز میں علاقے کا دفاع کر کے پوری قوم کا سر فخر سے بلند کر دیا۔
انہوں نے کہا کہ ملکی سرحدوں کے دفاع کے لئے حکومت اور تمام سرکاری محکمہ جات پاک فوج کی پشت پر ہیں، صدر آزاد کشمیر نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج نے مثالی جرات اور پیشہ وارانہ مہارت سے دشمن کا حملہ ناکام بنا کر بھارت اور دنیا کو یہ پیغام دیا ہے کہ پاکستان ایک امن پسند ملک ہے لیکن اپنے دفاع سے غافل نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر کی حکومت نے تمام ماتحت اداروں اور متاثرہ اضلاع کی انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے متاثر ہونے والے شہریوں کی بحالی اور ریلیف کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کریں اور اس سلسلے میں کسی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں۔
انہوں نے متاثرین سے اپیل کی کہ اگر حکومت حفاظتی نقطہ نظر سے انہیں اپنے گھروں سے نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کرے تو وہ حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ تعاون کریں۔
بعد ازاں صدر سردار مسعود خان نے ہٹیاں بالا میں آزادجموں وکشمیر یونیورسٹی کے علاقائی کیمپس میں قائم بھارتی فوج کی گولہ باری سے متاثر ہونے والوں کے کیمپ کا تفصیلی دورہ بھی کیااور بھارتی فوج کی فائرنگ کی وجہ سے متاثر ہونے والوں کے لئے قائم کئے گے میڈیکل سنٹر کا بھی معائنہ کیا۔