جارحیت پر پاکستان کا جواب، ایل او سی پر 8 بھارتی فوجی ہلاک، 32 زخمی
ایل او سی پر پاک فوج کی جوابی کارروائی میں 8 بھارتی فوجی ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے، راجوڑی اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر راجیو نے ٹوئٹر پر انکشاف کردیا۔
لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے بعد پاکستان کی جانب سے جوابی کارروائی میں کیپٹن سمیت 8 فوجی ہلاک اور 32 زخمی ہوگئے۔

راجوڑی اسپتال کے سربراہ ڈاکٹر راجیو تریپاٹھی نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر جاری پیغام میں انکشاف کیا ہے کہ 8 لاشیں اور 32 زخمی اسپتال لائے گئے ہیں، مرنے والوں میں ایک کیپٹن بھی شامل ہے جبکہ دیگر افراد فوج اور پیرا ملٹری فورس سے تعلق رکھتے ہیں۔
ڈاکٹر راجیو تریپاٹھی نے ہفتے کو فوجیوں کی ہلاکت سے متعلق ٹویٹ کیا، جس کے بعد ان کا اکاؤنٹ ہی بند کردیا گیا۔

بھارت کی جانب سے جارحیت کے نتیجے میں دو پاکستانی فوجی اور 2 شہری شہید جبکہ خاتون سمیت کئی افراد زخمی ہوئے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے فائرنگ اور گولہ باری کے دوران آزاد کشمیر کے نکیال سیکٹر میں شہری آبادی کو نشانہ بنایا۔