کوئٹہ : شوہر کی فائرنگ سے بیوی اور سسر سمیت 3 افراد جاں بحق

کوئٹہ میں شوہر نے کچہری کے باہر فائرنگ کرکے بیوی اور سسر سمیت 3 افراد کو قتل کردیا، خاتون سمیت 2 افراد زخمی ہوگئے۔

پولیس کے مطابق وحدت کالونی کے رہائشی اسد خان پانیزئی سے گھریلو تنازع کے باعث اس کی بیوی نے عدالت میں خلع کی درخواست دائر کر رکھی تھی، ملزمان نے کیس کی سماعت کے بعد ضلع کچہری کے باہر گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں اسد خان کی اہلیہ فریال اور سسر ارباب عبدالجبار موقع پر جاں بحق ہوگئے جبکہ ایک زخمی خاتون فوزیہ اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسی۔

پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ سے زخمی ایک اور خاتون آسیہ اور راہگیر عتیق اللہ کو اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں انہیں طبی امداد دی جارہی ہے، جاں بحق افراد کی لاشیں ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی گئیں۔

پولیس نے ابتدائی تحقیقات رپورٹ میں بتایا ہے کہ اسد اللہ کو جائے وقوعہ کے قریب موجود ٹریفک پولیس اہلکار نے پکڑ کر سول لائن تھانے کے حوالے کر دیا، ملزم کیخلاف قتل، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے، جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم پستول کے 10 سے زائد خول ملے ہیں، مزید تحقیقات جاری ہیں۔

صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء لانگو نے ضلع کچہری کے باہر فائرنگ کرکے 3 افراد کو قتل کرنیوالے ملزم کو پکڑنے پر ٹریفک پولیس اہلکار کو خراج تحسین پیش کیا، ساتھ ہی اس کیلئے نقد انعام کا بھی اعلان کردیا۔

domestic issue

Family Court