برطانیہ کا حزب اللہ پر پابندی عائد کرنیکا اعلان
برطانیہ نے حزب اللہ پر پابندی عائد کرنے کا اعلان کردیا۔ وزیر داخلہ ساجد جاوید کا کہنا ہے کہ لبنانی تنظیم خطے کی صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی کوششوں میں ملوث ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق برطانوی وزیر داخلہ ساجد جاوید نے بتایا کہ برطانیہ نے لبنانی مسلح تنظیم حزب اللہ پر پابندی عائد کرنے کا فیصلہ کیا ہے، یہ تنظیم مشرق وسطیٰ کی نازک صورتحال کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں کررہی ہے۔

وہ کہتے ہیں کہ میں نے یہ فیصلہ اس لئے کیا کیوں کہ ہم اس تنظیم کے کالعدم ملٹری ونگ اور سیاسی پارٹی میں تفریق نہیں کر پارہے۔
برطانوی پارلیمنٹ میں رواں ہفتے حزب اللہ پر پابندی سے متعلق رائے شماری کی جائے گی۔ وزیر خارجہ جیریمی ہنٹ کہتے ہیں کہ یہ واضح ہے کہ حزب اللہ کے ملٹری اور سیاسی ونگز میں تفریق موجود نہیں۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ اس فیصلے سے لبنان کے ساتھ مضبوط اور وسیع تعلقات میں کوئی تبدیلی نہیں آئے گی۔