بھارتی حکومت نے شاہ رخ خان کی اعزازی ڈگری روک دی

بھارتی حکومت نے بالی ووڈ کے کنگ خان کو اعزای ڈگری دینے سے منع کردیا۔ شاہ رخ خان کو اعزازی ڈگری نئی دہلی کی تاریخی یونیورسٹی جامعہ ملیہ اسلامیہ کی جانب سے دی جانی تھی۔
بھارتی ذرائع ابلاغ میں شائع ہونے والی رپورٹ کے مطابق اس حوالے سے یونیورٹی انتظامیہ نے بھارتی وزارت ہیومن ریسورسز ڈیولپمنٹ ’’ایچ آر ڈی‘‘ کو درخواست دی تھی جو مسترد کر دی گئی۔
ایچ آر ڈی کی جانب سے موقف اپنایا گیا کہ شاہ رخ کو سال2016 میں حیدرآباد دکن کی مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی بھی پی ایچ ڈی کی اعزازی ڈگری دے چکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق جامعہ ملیہ اسلامیہ اپنی تحریری درخواست میں شاہ رخ کو ڈگری دینے کی خواہش کا اظہار فروری 2018 میں کیا تھا۔ درخواست میں لکھا گیا کہ شاہ رخ کی جانب سے ملکی ثقافت اور سینما سے متعلق نمایاں خدمات پر یونیورسٹی انہیں اعتراف میں پی ایچ ڈی کی ڈگری سے نوازنا چاہتی ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ کنگ خان نے خود بھی اسی یونیورسٹی سے تعلیم حاصل کی ہے ۔ ماس کمیونیکیشن میں ماسٹرکرنے والے شاہ رخ نے آخری امتحان نہیں دیا تھا۔
ابتدائی طور پر درخواست مسترد نہیں کی گئی تھی بلکہ یونیورسٹی سے مزید معلومات طلب کی گئی تھیں کہ شاہ رخ کو کس کی منطوری سے ڈگری دینا چاہتے ہیں۔ جس پر دوسری درخواست میں آگاہ کیا گیا کہ ڈگری ارکان ایگزیکٹو کونسل کی منظوری سے دی جا رہی ہے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق جامعہ ملیہ کی جانب سے شاہ رخ کو اس بات سے آگاہ کردیا گیا تھا کہ انہیں اعزازی ڈگری دی جا رہی ہے۔
معاملے پرموقف دیتے ہوئے ہائر ایجوکیشن کمیشن انڈیا کا کہنا تھا کہ ایسا کوئی قانون موجود نہیں جس کے تحت کسی کو ایک سے زائد ڈگری دینے سے روکا جائے۔ تاہم اس بات کی حمایت نہیں کی جاتی کہ کسی کو ایک جیسی ڈگری ایک سے زائد بار دی جائے۔