اسٹاک مارکیٹ میں اتار چڑھاؤ،انٹربینک میں ڈالر سستا

بجٹ خسارے میں اضافے اور بجلی مزید مہنگی ہونے پر اسٹاک مارکیٹ کے سرمایہ کار محتاط ہوگئے ہیں۔ کاروبار کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس میں ڈھائی سو سے زائد پوائنٹس کی کمی ہوگئی۔ انٹربینک میں ڈالر 19 پیسے سستا ہوگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 139 روپے پر برقرار ہے۔
اسٹاک مارکیٹ میں کاروباری ہفتے کے چوتھے روز اُتارچڑھاؤ کا رجحان دیکھا جارہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں بجٹ خسارہ ایک ہزار 30 ارب روپے تک جاپہنچا ہے جو گذشتہ مالی سال کے اسی مدت کے مقابلے 234 ارب روپے زائد ہے۔
اس کے ساتھ نیپرا کی جانب سے فی یونٹ بجلی 1 روپے 80 پیسے مہنگا کرنے پر سرمایہ کار محتاط نظر آرہے ہیں جس کی وجہ سے کاروبار کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس 260 پوائنٹس کمی سے 40 ہزار 20 کی سطح پرآگیا۔ دوسری جانب انٹر بینک میں ڈالر 19 پیسے سستا ہو کر138 روپے70 پیسے پر آگیا جبکہ اوپن مارکیٹ میں ڈالر 139 روپے کی سطح پر ہی برقرار ہے۔