ریلیف ملے یا نہ ملے قانونی راستہ اختیار کریں گے، بلاول بھٹو زرداری
چیئرمین پی پی پی بلاول بھٹو زرداری کہتے ہیں کہ پاکستان میں پرامن طور پر اقتدار کی منتقلی جمہوریت کی کامیابی ہے، پولیٹیکل انجینئرنگ کی کوشش کی جارہی ہے، پاکستان واپس آکر وائٹ پیپر عوام کے سامنے پیش کروں گا۔
پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کی، بولے کہ 2018ء الیکشن میں سب سے بڑی دھاندلی کی گئی، پولیٹیکل انجینئرنگ کی کوشش کی جارہی ہے، الیکشن کے دوران بے نامی اکاؤنٹس کیس پر سوموٹو لیا جاتا ہے، 6، 7 ماہ سے میری پارٹی، میرے خاندان کا میڈیا ٹرائل چل رہا ہے، مجھے ایک بھی نوٹس نہیں بھیجا گیا، ریلیف ملے یا نہ ملے قانونی راستہ اختیار کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ نظام کی تبدیلی کیلئے پیپلزپارٹی نے قربانیاں دیں، پاکستان میں پرامن طور پر منتقلیٔ اقتدار جمہوریت کی بڑی کامیابی ہے، انتخابی دھاندلیوں پر پاکستان پیپلزپارٹی وائٹ پیپر پر کام کررہی ہے، پاکستان واپسی پر وائٹ پیپر عوام کے سامنے پیش کروں گا، میرے تینوں حلقوں کے نتائج آنے میں 3 دن لگے۔
بلاول بولے کہ ہم عدلیہ اور اداروں کو مضبوط دیکھنا چاہتے ہیں، مجھے آج تک فیئر ٹرائل کا موقع نہیں ملا، قانون کی حکمرانی ہوگی تو عدلیہ مضبوط ہوگی، اظہار رائے کی آزادی جمہوريت کيلئے انتہائی اہم ہے، اس پر پابندی کی مذمت کرتے ہیں۔