آغا سراج درانی کی گرفتاری سے حکومت کا کوئی لینا دینا نہیں، فواد چوہدری

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات فواد چوہدری نے اسپیکر سندھ اسمبلی آغا سراج درانی کی گرفتاری سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکومت کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں ہے۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے فواد چوہدری نے کہا کہ نیب کی کارروائی ہمارے اپنے لوگوں کے خلاف بھی ہوئی ہے۔ اگر نیب میں ہمارا کوئی کردار ہوتا تو ہمارے اپنے لوگ گرفتار نہ ہوتے۔

اغا سراج درانی کو نیب نے آمدن سے زائد اثاثے بنانے، نیو سندھ سیکریٹریٹ کی تعمیر میں مبینہ کرپشن اور غیر قانونی بھرتیوں کے الزام میں اسلام آباد سے گرفتار کیا ہے۔

پلوامہ حملے کے بعد بھارتی رویے پر وزیراطلاعات نے کہا کہ کوئی مائی کا لال پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا۔ پاکستان نے بھی چوڑیاں نہیں پہن رکھی۔ ہماری فوج نے بہادری کی مثالیں قائم کی ہوئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزراعظم عمران خان نے بھارت کو مذاکرات کی پیشکش کی ہے۔ دنیا بھارت کے موقف کو قبول نہیں کررہی۔ آج ہندوستان پوری دنیا میں تنہا ہے۔

مبینہ بھارتی جاسوس کلبھوشن یادیو سے متعلق عالمی عدالت میں جاری مقدمے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیراطلاعات نے کہا کہ بھارت کہتا ہے اس کو اغوا کرکے لایا گیا ہے۔ اس لیے اس کو باعزت بری کرکے واپس انڈیا بھیج دیا جائے جبکہ پاکستانی وکیل نے اپنے دلائل سے بھارت کا مقدمہ کمزور کردیا ہے جبکہ پاکستان کا موقف انتہائی مضبوط اور ثبوتوں پر مبنی ہے۔ امید ہے اس کا میرٹ پر فیصلہ ہوگا۔

Politics

Fawad chohdry

Tabool ads will show in this div