سعودی شہزادے کی فٹ بال کلب خریدنے کی تردید
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے فٹ بال کلب مانچسٹر یونائیٹڈ خریدنے کی تردید کردی گئی ہے۔
سعودی وزیر اطلاعات ترکی الشبانہ نے اس بات کی تردید کی ہے کہ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان پریمئر لیگ فٹ بال کلب ’’مانچسٹر یونائیٹڈ‘‘ خریدنے والے ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے کے مطابق سعودی وزیر نے وضاحت کی ہے کہ اس بارے میں مانچسٹر یونائیٹڈ کی محض سعودی ویلتھ فنڈ کے ساتھ اسپانسرشپ کے حوالے سے سرسری طور پر گفت گو ہوئی تھی، تاہم اس بارے میں کوئی فیصلہ نہیں ہوا تھا۔
اْنہوں نے ایک ٹویٹر پیغام میں واضح کیا ہے کہ سعودی ولی عہد کی طرف سے مانچسٹر کلب خریدنے کے ارادے سے متعلق میڈیا میں شائع ہونے والی رپورٹوں میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
واضح رہے کہ مانچسٹر یونائیٹڈ 20 مرتبہ انگلش پریمئر لیگ جیت چکی ہے۔ اس کا مالک امریکا کا گلیزر خاندان ہے جس نے یہ کلب 2005ء میں 79 کروڑ پاؤنڈ میں خرید ا تھا۔

برطانوی اخبار ’’سن‘‘ میں شائع ہونے والی رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ سعودی ولی عہد محمد بن سلمان 3.8 ارب پاؤنڈ میں یہ انتہائی مقبول فٹ بال کلب خریدنے والے ہیں۔