اوگرا کو وزارت پیٹرولیم کے ماتحت کرنیکافیصلہ،وزیر پیٹرولیم نے تائید کردی
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد: قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم نے اوگرا کو وزارت پیٹرولیم کے ماتحت کرنے کا فیصلہ کرلیا ، وفاقی وزیر ڈاکٹر عاصم حسین نے کمیٹی کے فیصلے کی تائید کر دی ہے۔
طالب نکئی کی زیرصدارت قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے اجلاس میں چئیرمین ایل پی جی ڈیلرزایسوسی ایشن عرفان کھوکھر نے بریفنگ دی ان کا کہنا تھا کہ سابق جرنیل اورسیاستدان ایل پی جی کوٹہ اور ناجائز منافع سے تین سوپچاس ارب روپے کما چکے ہیں ۔
وفاقی وزیرعاصم حسین نے کہا کہ گیس سرچارج لگانے کے لیے کابینہ سے منظوری لی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو ایل پی جی پرلیوی لگانے سے پانچ ارب روپے ریونیو ملے گا جبکہ ذرائع کے مطابق سرچارج لگانے سے گیس چھ روپے فی یونٹ مہنگی ہو جائے گی ۔
او جی ڈی سی ایل حکام نے کہا کہ آئل کمپنیوں کو ایک سو چونتیس لائسنسز دیئے گئے ان میں سے اکتیس مقامات پر بلوچستان اور خیبرپختونخوا میں کام بند ہے جبکہ ملک میں چھبیس کھرب،باسٹھ ارب کیوبک فیٹ گیس کے ذخائر موجود ہیں۔
سیکریٹری پیٹرولیم نے کہا کہ وزیراعظم نے تیل و گیس کے چار اداروں سوئی سدرن ، نادرن، پی پی ایل اور گورنمنٹ ہولڈنگ کمپنی کے سربراہان کے تقرر کی منظوری دے دی ۔ ان کا نوٹفیکیشن آج جاری ہو جائیگا۔ سماء