پی ایس ایل ،اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندر کے کپتان افتتاحی میچ جیتنے کے لیے پُرعزم
تصویر:پی ایس ایل ٹویٹر
پاکستان سپر لیگ میں جمعرات کو دو بار کی چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کا مقابلہ لاہور قلندرز سے ہوگا۔ میچ پاکستانی وقت کے مطابق رات دس بج کر پینتالیس منٹ پر دبئی میں کھیلا جائیگا۔ دونوں ٹیموں کے مابین سنسنی خیز مقابلہ کی توقع کی جارہی ہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل کا 2016ء اور 2018ء میں ہونے والا ایونٹ جیتا تھا۔ اسلام آباد یونائیٹڈ نے اپنی ٹیم کو مزید مضبوط کرنے کیلئے انگلینڈ کے آئن بیل اور ویلشمن فل سالٹ کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔ دونوں پہلی بار پی ایس ایل میں کھیلیں گے تاہم اس بار اسلام آباد یونائیٹڈ کو مصباح الحق کی خدمات حاصل نہیں ہوں گی انہیں پلیئرز ڈرافٹ میں پشار زلمی نے منتخب کر لیا ہے۔ فاسٹ باؤلر محمد سمیع کو مصباح الحق کی جگہ پی ایس ایل 4 کیلئے اسلام آباد یونائیٹڈ کا کپتان مقرر کیا گیا ہے ۔ محمد سمیع کا کہنا تھا کہ مجھے اسلام آباد یونائیٹڈ کا کپتان بنا کر جس اعتماد کا اظہار کیا گیا ہے میں اس پر پورا اترنے کی کوشش کروں گا ۔ کپتان کی ذمہ داری کا اہل سمجھنے والی فرنچائز انتظامیہ کا شکر گزار ہوں، پوری کوشش کروں گا کہ اسلام آباد یونائیٹڈ کی کارکردگی کا معیار پی ایس ایل 4 میں برقرار رہے۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کے سکواڈ میں شامل غیر ملکی کھلاڑیوں میں لیوک رونچی ( نیوزی لینڈ ) آئن بیل( انگلینڈ ) سامٹ پٹیل ( انگلینڈ )، فل سالٹ (ویلز)، کیمرون ڈیلپورٹ، ویان پارنل (ساؤتھ افریقہ ) ظہیر خان ( افغانستان ) جبکہ لوکل کھلاڑیوں میں شاداب خان، فہیم اشرف، آصف علی، محمد سمیع، رومان رئیس، حسین طلعت، وقاص مسعود، صاحبزادہ فرحان، ظفر گوہر، محمد موسی، نصیر نواز، عماد بٹ اور رضوان حسین شامل ہیں۔ لاہور قلندرز پی ایس ایل کے گزشتہ تینوں ایونٹس میں پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے رہتے ہوئے ناکام ترین ٹیم ثابت ہوئی ہے۔ اس بار پاکستان سپر لیگ کا سب سے بڑا نام اے بی ڈی ویلیئرز لاہور قلندر کے سکواڈ میں شامل ہے۔ ان کے علاوہ نیوزی لینڈ کے کورے اینڈرسن اور کارلوس بریتھ ویٹ کی موجودگی بھی لاہور قلندرز کے خطرناک عزائم کا پتہ دے رہی ہے۔ محمد حفیظ کی زلمی سے قلندرز میں آمد کپتان کی حیثیت سے ہوئی ہے جبکہ فخر زمان سے بھی بے پناہ توقعات وابستہ کی جا رہی ہیں۔ باؤلنگ میں شاہین شاہ آفریدی کے ساتھ ساتھ نیپال کے 18 سالہ لیگ سپنر سندیپ لمیچانے حریف بیٹسمینوں کو تگنی کا ناچ نچانے کے لیے بے تاب دکھائی دے رہے ہیں۔ ٹیم کے کپتان محمد حفیظ کا بھی یہی کہنا تھا کہ ان کی ٹیم اس مرتبہ متوازن ہے اور وہ ایونٹ جیتنے کی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹیم کے تمام کھلاڑی امیدوں کے مطابق اچھی پرفارمنس دینے کی کوشش کرتے ہوئے لاہور کے مداحوں کو وہ خوشی دیں گے جو انہیں گزشتہ 3 سیزنز سے نہیں ملی۔ لاہور قلندر کے غیر ملکی کھلاڑیوں میں اے بی ڈی ویلیئر، کارلوس ، کورے اینڈرسن، سندیپ، اینٹن ڈیوچ، برینڈن ٹیلر جبکہ مقامی کھلاڑیوں میں محمد حفیظ، فخر زمان، یاسر شاہ، راحت علی، آغا سلمان، سہیل اختر، حسن خان، شاہین شاہ آفریدی، حارث سہیل، محمد عمران، ماز خان، گوہر علی، اعزاز چیمہ، حارث رؤف اور سعد علی شامل ہیں ۔