رنویرسنگھ ڈانس رئیلٹی شو کے دوران پھوٹ پھوٹ کر کیوں رو ئے؟
زندگی میں بعض مواقع ایسے آتے ہیں جب انسان اپنے جذبات پر قابو نہیں رکھ پاتا، بھارتی اداکار رنویر سنگھ بھی ایک ڈانس رئیلیٹی شو کے دوران جذباتی ہو کر بچوں کی طرح رونے لگے۔
رنویر اور عالیہ اپنی نئی آنے والی فلم ’’ گلی بوائے ‘‘ کی تشہیر کیلئے ڈانس رئیلٹی شو ’’سپر ڈانسر‘‘ میں شریک تھے۔
شو میں حصہ لینے والے بچوں کے ایک گروپ نے رنویر کے کیرئیر کے آغاز سے لیکر اب تک کی زندگی کو کوریوگراف کیا ۔ اس پرفارمنس میں اداکار کے فلمی کیرئر سے متعلق تمام اہم پہلو ایسے اجاگر کیے گئے کہ رنویر فرط جذبات سے رو پڑے۔
رنویر کے ساتھ بیٹھی عالیہ بھٹ اور دیگر اداکاروں نے ان کے جذبات سمجھتے ہوئے دلاسہ دیا۔
اداکار نے بعد میں اس طرح پھوٹ پھوٹ کر رونے کی وجہ بتاتے ہوئے کہا کہ میں نے کبھی ایسا نہیں سوچا تھا کہ میرے زندگی کے مختلف ادوار کو اس طرح سے میرے سامنے ڈانس کی شکل میں پیش کیا جائے گا، اس نے میرے دل کو چھو لیا اور میں رو پڑا۔ ایسا محسوس ہوا کہ یہ سب ایک خواب ہے۔
اداکار کے مطابق ایسا محسوس ہوا کہ وقت ایک دم سے بدل گیا ہے۔ گزشتہ سال سپر ہٹ فلموں کے علاوہ میری شادی بھی ہوئی، اپنی زندگی کی کہانی اپنے سامنے دیکھ کر میں آبدیدہ ہوگیا۔
رنویر کی نئی آنے والی فلم ’’گلی بوائے‘‘ میں انہوں نے ممبئی کے ’’اسٹریٹ رپیر‘‘ کا کردار ادا کیا ہے۔ فلم 14 فروری کو ریلیز ہوگی۔