پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں شہباز شریف کسی صورت قبول نہیں،شیخ رشید

وزیرِ ریلوے شیخ رشید نے واضح کیا ہے کہ قانون سب کے لئے برابر ہے،شہبازشریف کی کوشش ہے کہ شیخ رشید پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا رکن نہ بنے۔
لاہور میں ریلوے ہیڈکوارٹر میں وزير ريلوے شيخ رشيد نے پريس کانفرنس کرتے ہوئے بتایا کہ قوم کے 2 ارب روپے تباہ کرديے گئے۔50کروڑ روپے نارووال جیسے اسٹیشنز پر لگائے گئے جبکہ لاہور اور کراچی اسٹیشنز پر دو روپے بھی نہیں لگائے گئے۔انھوں نے کہا کہ 30 مارچ کو پہلی وی آئی پی ٹرین لاہور سے کراچی آئے گی۔
سیاست سے متعلق بات کرتے ہوئے شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عمران خان کے بیان کی تائید کرتا ہوں، قانون سب کے لیے برابر ہے۔ شيخ رشيد نے واضح کردیا کہ وزیراعظم سے میری بات ہوئی ہے،شہباز شریف کسی صورت قبول نہیں ہے۔ پی اے سي کے معاملے پر حکومت کے لئے مسئلہ نہيں کھڑا کرنا چاہتا،پی اے سي رکن بننے سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہوں،شہباز شريف کي کوشش ہے کہ شيخ رشيد رکن نہ بنے۔
وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی رہنما عليم خان کی گرفتاری پر حکومت نے احتجاج نہيں کيا، عمران خان نے واضح کرديا ہے اين آر او کسي کو نہيں ملے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ بلاول نے معافي مانگ لی ہے اورميں نے معاف کرديا ہے۔