ممبئی کا ایک درخت سلمان خان کیلئے’’ نئی مشکل‘‘ بن گیا
بالی ووڈ کے دبنگ خان کی ذاتی زندگی ہمیشہ سے ہی تنازعات کا شکار رہی ہے ، ایک مصیبت ختم نہیں ہوتی کہ دوسری آن پڑتی ہے۔ سلمان خان کی نئی مشکل کی وجہ کچھ اور نہیں بلکہ ایک درخت ہے۔
سلمان خان ممبئی کے مضافاتی علاقے کھار میں ایک کمرشل جائیداد کے مالک ہیں، جس میں لگے ہوئے ایک درخت کی خاطر تحفظ ماحولیات کے کارکن سرگرم ہو گئے۔
دراصل یہ جائیداد سلمان خان نے ایک فوڈ کمپنی کو کرایے پر دے رکھی ہے، جو یہاں موجود ایک پرانے درخت کو کاٹنا چاہتی ہے۔ کمپنی کا موقف ہے کہ یہ درخت آنے جانے والوں کے لیے پریشانی کا باعث ہے اور کسی ایمرجنسی کی صورت میں گاڑیاں پہنچنے میں شدید مشکل کاسامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ اس لیے اسے کاٹ دیا جائے۔
اس فیصلے کی شدید مخالفت کرتے ہوئے تحفظ ماحولیات کے کارکنوں نے برہن ممبئی میونسپل کارپوریشن ( بی ایم سی ) میں شکایت کا اندراج کروا دیا ہے۔ کارکنوں کا دعویٰ ہے کہ یہ درخت ایمرجنسی صورتحال میں مشکل کا باعث نہیں بلکہ اصل میں عمارت کی سجاوٹ میں رکاوٹ ہے اس لیے انتظامیہ اسے کاٹنا چاہتی ہے۔
اس درخواست پربی ایم سی کی جانب سے ایک ہفتے کے اندر فیصلہ سنایا جائے گا۔
تاحال سلمان خان کی جانب سے اس معاملے پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا گیا ہے، جو فی الحال کترینہ کیف کے ساتھ نئی آنے والی فلم ’’بھارت‘‘ کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔ فلم کے ڈائریکٹرعلی عباس ظفر ہیں اور اسے عید کے موقع پر ریلیز کیا جائے گا۔