شیخ رشید کا مزدوروں کی تنخواہ میں اضافے کا اعلان،شہبازشریف پر بھی چوٹ لگا بیٹھے

شیخ رشید احمد نے مزدوروں کو تین ہزار روپے دینے کا اعلان کردیا۔ انھوں نے یہ بھی دہرادیا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں شہبازشریف قبول نہیں۔
لاہور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے شیخ رشید احمد نے کہا کہ ریلوے کے ہر مزدور اور افسر کو 3 ہزار روپے دئیے جائیں گے۔ وزیر ریلوے نے کہا کہ 12 فروری کو تھل ایکسپریس کے ذریعے پنجاب کے شہروں کو سہولت دیں گے۔ انھوں نے ریلوے کے مزدوروں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان مزدوروں نے خود ویلڈنگ کرکے 20 ٹرینیں چلائی ہیں۔ کوئی اور ہوتا تو یہ 2 ارب کی ٹرینیں تھیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پاکستان ریلوے اپنا اگلا بجٹ خود بنائے گی اور اسمبلی سے منظور کروائے گی۔
شیخ رشید نے کہا کہ ریلوے کے تمام مزدوروں کا ایک اسکیل تنخواہ بڑھائیں گے ،عمر کے اس حصے میں جھوٹ نہیں بول سکتا، ریلوے پولیس کی تنخواہ پنجاب پولیس کے برابر کریں گے، اس حوالے سے سمری وزیراعظم کو بھیجوادی ہے۔
سیاسی بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کے حوالے سے عمران خان کو کہا ہے کہ شہبازشریف بطور چئیرمین پی اے سی قبول نہیں ہے۔ جن لوگوں نے عمران خان سے یہ کام کروایا ہے،جمہوریت کے نام پر چوروں کو یہ کام ملا ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید کی سیٹیاں
انھوں نے کہا کہ شہبازشریف کی سیاست یہ ہی ہے، قطری سے پتھری تک رہتے ہیں،یہ بارگین کررہے ہیں۔ انھوں نے غریب کا مال لوٹا ہے،ان کو نہیں جانے دیں گے، دس روز تک اگر شہباز شریف کا فیصلہ نہیں ہوا تو پبلک اکاؤنٹس کے لئے فیصلہ کریں گے۔
شیخ رشید نے واضح کیا کہ اسپیکر کا صوابدید نہیں ہے کہ پبلک اکاؤنٹس کمیٹی سے روکے،پارٹی لیڈر کا حق ہوتا ہے کہ کس کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی میں بھیجے،اسپیکر کا کوئی اختیار نہیں کہ وہ شہبازشریف کو ریمانڈ میں اسمبلی میں طلب کرے۔
وزیر ریلوے نے کہا کہ اسپیکر نے یہ غلط کام کیا ہے، عمران خان کی وجہ سے چپ ہوں، نہ قومی اسمبلی کی رکنیت کی فکر ہے ،صرف غریب عوام کی فکر ہے۔ تاہم اتحادی ہوں اس لیے کوئی مشکل نہیں کھڑی کرنا چاہتا۔