کشمیرمیں جلد آزادی کاسورج طلوع ہوگا، وزیراعلیٰ بلوچستان

وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے کہ کشمیر میں جلد آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری اپنے بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان نے کہا ہے کہ خطے میں امن کا خواب اسی وقت شرمندہ تعبیر ہوسکتا ہے جب کشمیریوں کی خواہشات کے مطابق مسئلہ کشمیر کا حل نکالا جائے، کشمیر کا مسئلہ پاکستان اور بھارت کے درمیان بنیادی تنازع ہے اور مسئلہ کشمیر حل کئے بغیر امن ممکن نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بھارت زبردستی کشمیری عوام کے حقوق کو پامال کرتے ہوئے بے گناہ کشمیری عوام پر ظلم و جبر جاری رکھے ہوئے ہے لیکن اب بھارت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے زیادہ دیر تک چھپا نہیں رہے گا اور نہ ہی وہ کشمیریوں کی آواز کو مزید دباسکتا ہے۔

جام کمال نے بین الاقوامی برادری سے مطالبہ کیا کہ بھارت کے مظالم کا نوٹس لیتے ہوئے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خودارادیت دلوایا جائے، انہوں نے کہا کہ پاکستان کی اخلاقی اور سفارتی حمایت کشمیریوں کو کل بھی حاصل تھی اور آئندہ بھی رہے گی، پاکستانی قوم کے دل اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں، دیگر صوبوں کی طرح بلوچستان کے عوام بھی اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار میں کسی سے پیچھے نہیں ہیں، جلد کشمیر میں آزادی کا سورج طلوع ہوگا۔

وہ کہتے ہیں کہ کشمیری عوام اپنے حق خودارادیت کے حصول اور بھارت کے غاصبانہ قبضے سے آزادی کی جنگ لڑرہے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب انہیں اپنی جدوجہد میں کامیابی نصیب ہوگی، جس کیلئے اب تک ہزاروں جوان، بچے، بزرگ اور عورتیں اپنی جانوں کی قربانیاں دے چکے ہیں۔

Kashmir Day

Jam Kamal Khan

Tabool ads will show in this div