پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چئیرمین شپ شہبازشریف کے سپرد کرنا عمران خان کی غلطی ہے،شیخ رشید

وزیرِ ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور نوازشریف کی سیاست ختم ہوگئی ہے، شریف خاندان نے اسامہ بن لادن سے اس وقت پیسے لئے جب وہ سب کو عزیز تھا، پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کی چئیرمین شپ شہباز شریف کے سپرد کرنا عمران خان کی غلطی ہے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے ریلوے ہیڈکوارٹر لاہور میں پریس کانفرنس کرتےہوئے دعویٰ کیا ہے کہ نواز شريف بزدل سياست دان ہيں، ضمانت ميں آساني کے لئے بيمارياں بچا کر رکھتے ہيں،ڈيل ميں ناکام ہوتے ہيں تو ڈھيل کي طرف جاتے ہيں۔
شیخ رشید نے مزید دعویٰ کیا کہ اللہ نے مجھے ديوار کے پار ديکھنے کي صلاحيت دي ہے،شہباز شريف کي سياست پٹواري کي سياست ہے، غريب ان کي چوريوں کي وجہ سے مر گيا ہے۔ انھوں نے مزید کہا کہ پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو اگر کرپشن کيخلاف لانگ مارچ کريں تو ميں ساتھ چلوں گا۔ ان کا کہنا تھا کہ آصف زرداری نواز شریف کی طرح جیل کاٹنے میں بزدل نہیں، شریف خاندان کو دولت ٹھکانے لگانا آتی ہے۔
وزیرریلوے نے انکشاف کیا کہ ان چوروں نے تو اسامہ بن لادن سے بھی مال نہيں چھوڑا، نواز اور شہباز نے قطر اور کويت سے بھي مال پکڑا۔ انھوں نے کہا کہ عمران خان سے آج ميں بہت بڑي بات کہنے جارہا ہوں، مفت کي ڈيل اور ڈھيل قبول نہيں ، اگر چھوٹ دينے کي بات ہورہي ہے تو عوام کو اعتماد ميں ليں۔
شیخ رشید نے مطالبہ کیا کہ شہبازشريف کي سيکيورٹي سے رينجرز ہٹائي جائے، شہباز شريف کو عہدہ دينا عمران خان کي غلطي ہے، ڈيل ناکام ہوگئي ہے اور اب ڈھيل کا ففٹي ففٹي پروگرام چل رہا ہے، ڈھيل کے پروگرام کو بھي درست کرنا ہوگا۔ انھوں نے مزید کہا کہ نوازشریف کا پتا نہيں لیکن شہباز شریف بہت بڑا ڈرامہ ہے۔ شیخ رشید نے یہ بھی کہا کہ آصف زرداري اور نواز شریف کي سياست ختم ہوگئي ہے۔