پہلا ٹی 20 ، جنوبی افریقہ نے پاکستان کو6 رنز سے شکست دیدی

پہلے ٹی ٹوئنٹی میں جنوبی افریقا نے پاکستان کو 6 رنز سے شکست دے کر تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل کرلی۔
ٹي20ميں پاکستان کی فتوحات کو بريک لگ گئی، مسلسل9ميچز جيتنے کے بعد پاکستان پہلا ميچ ہار گيا۔
کیپ ٹاؤن میں کھیلے گئے میچ میں میزبان ٹیم کے 193 کے ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم جیت کے قریب پہنچ کر ہمت ہار گئی ۔
پاکستان نے ہدف کے تعاقب میں بیٹنگ کا آغاز کیا تو 4 رنزبنا کر فخر زمان پویلین لوٹ گئے، حسین طلعت اور بابر اعظم کے درمیان شراکت داری قائم ہوئی لیکن 85 رنز کے مجموعی اسکور پر حسین طلعت 40 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
بابر اعظم کو 38 رنز پر ڈیوڈ ملر نے رن آؤٹ کیا، آصف علی 13 رنز بنا کر مورس کا نشانہ بنے، عماد وسیم 4، فہیم اشرف 8 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے، وکٹ کیپر محمد رضوان 2 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔
فاسٹ بولر حسن علی 11 رنز بنا کر ہینڈرکس کی گیند پر ملر کو کیچ دے بیٹھے، شعیب ملک کی 49 رنز کی اننگز بھی قومی ٹیم کو شکست سے نہ بچاسکی
قبل ازیں کیپ ٹاؤن میں کھیلے جانے والے پہلے ٹی ٹوینٹی میچ میں جنوبی افریقا نے مقررہ اوورز میں 192 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 193 رنز کا ہدف دے دیا۔
شعیب ملک نے ٹاس جیت پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تو جنوبی افریقا کی پہلی وکٹ 26 رنز کے اسکور پر گری جب کلویٹی 13 رنز بنا کر عماد وسیم کی گیند پر فخر زمان کو کیچ دے بیٹھے۔
ایک وکٹ گرنے کے بعد جنوبی افریقی بلے بازوں نے جارحانہ انداز اپنایا، پروٹیز کپتان ڈوپلیسی نے 45 گیندوں پر 78 رنز کی شاندار اننگز کھیلی، ان کی اننگز میں 4 چھکے اور 6 چوکے شامل تھے، ڈوپلیسی کو عثمان شنواری نے آؤٹ کیا۔