برٹش ایئرویز کا پاکستان سے پروازیں شروع کرنے کا اعلان
برٹش ایئرویز نے جون 2019 میں پاکستان سے اپنی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
اسلام آباد میں برٹش ائیرویز کے حکام نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں اور انسانی وسائل کی ترقی کے بارے میں وزیراعظم کے خصوصی معاون سے ملاقات کے دوران یہ بات کہی۔
وفد نے خصوصی معاون کو بتایا کہ اسلام آباد سے لندن کے لئے ہفتے میں تین پروازیں شروع کی جائیں گی۔ وفد نے نیو اسلام آباد ایئرپورٹ پر عالمی معیار کی فراہم کردہ سہولیات کی تعریف کی اور بتایا کہ نیو اسلام آباد ایئرپورٹ اپنے حجم اور ڈیزائن کے لحاظ سے خطے کے چند بہترین ہوائی اڈوں میں شامل ہے۔
برٹش ایئر ویز نے 10 سال بعد پاکستان کیلئے پروازیں بحال کردیں
ذوالفقار بخاری نے کہا کہ اس اقدام سے پاکستان کے بیرونی روابط میں اضافہ ہوگا اور یہ ملکی ترقی کیلئے ایک اہم موقع ثابت ہوگا۔
دسمبر 2018 میں برٹش ایئر ویز نے پاکستان کیلئے 10 سال بعد براہ راست پروازیں بحال کرنے کا اعلان کیا تھا۔ سال 2008 میں اسلام آباد میں میریٹ ہوٹل حملے کے بعد برطانوی ایئرلائن نے پاکستان کیلئے پروازیں بند کردی تھیں۔
اس سے قبل سترہ سال پہلے کراچی میں شیرٹن ہوٹل کے باہر ہونے والے دھماکوں میں فرینچ انجینیرز کی ہلاکت پر ایئرفرانس نے پاکستان کیلئے اپنی کارگو فلائٹ آپریشن معطل کیا۔ دیگر دوسری ایئرلائنز رائل ڈچ، ایس اے ای، ال اٹیلیا، جاپان ایئرلائنز اور کے ایل ایم بھی پاکستان میں فلائٹ آپریشن معطل کرچکی ہیں۔