آئی ایم ایف کے پاس جائیں گے، اسد عمر
وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ آئی ایم ایف کے پاس ضرور جائیں گے ليکن ملک کے وقار کا خیال بھی رکھيں گے۔ اسد عمر نے برآمدات بڑھانے کيلئے تاجروں سے تجاويز مانگ ليں۔
وفاقی وزير خزانہ اسد عمر نے لاہور چیمبر کے ارکان کے ساتھ ملاقات کی اور تاجروں کے شکوے شکایتيں سنيں، ساتھ ہی حکومتی اقدامات بھی گنوائے۔
وفاقی وزیر نے آئی ایم ایف کے ساتھ مذاکرات سے متعلق بھی بات کی، تاجروں کو بتايا کہ سرکاری اداروں کی نجکاری کا عمل جاری ہے لیکن اس کیلئے حکمت عملی بدلی ہے، بہت سارے اداروں کو ایکٹو پرائیویٹائزیشن سے نکال دیا، حالات بہتر ہونے پر ان کی نجکاری ہوگی۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کی سہولت کیلئے تمام وفاقی ٹیکسوں کو یکجا کرنے کا سوچ رہے ہیں، ہم شک بھرے ماحول کو بدلیں گے، 20-2019ء کے بجٹ میں تمام ٹیکسوں کو اکٹھا وصول کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے تاجروں کی تجاويز پر عمل کريں گے، انہوں نے ایف پی سی سی آئی کے ریجنل دفتر کا بھی دورہ کیا اور تاجروں کی شکايات سنيں۔