پاکستان نے کرتار پور راہداری کا ڈرافٹ بھارت کو بھجوادیا

کرتار پور راہداری پر پیشرفت کیلئے پاکستان کا بڑا اقدام، معاہدے کا ڈرافٹ باقاعدہ طور پر بھارت کو بھجوادیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے راہداری معاہدے کا ڈرافٹ سفارتی چینل سے بھارت کو بھجوا دیا ہے، دفتر خارجہ کے ڈائریکٹر جنرل جنوبی ایشیا و سارک ڈاکٹر محمد فیصل کو فوکل پرسن نامزد کردیا گیا۔
دفتر خارجہ کے ذریعے وزیراعظم عمران خان نے بھارتی حکومت کو پیغام بھجوایا ہے کہ وہ بھی کرتار پور راہداری منصوبے کیلئے اپنی طرف سے فوکل پرسن نامزد کرے۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ کرتار پور معاہدے پر بات چیت کیلئے بھارتی وفد اسلام آباد بھجوایا جائے۔ وزیراعظم عمران خان نے گزشتہ سال 28 نومبر کو کرتار پور راہداری کا سنگِ بنیاد رکھا تھا۔