سابقہ بیوی کی تصاویر شیئر کرنے پر ڈی آئی جی برطرف، 10 لاکھ جرمانہ
وفاقی محتسب نے سابقہ بیوی عائشہ سبحانی کی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کرنے کے جرم میں گلگت بلتستان پولیس کے ڈپٹی انسپیکٹر جنرل ( ڈی آئی جی) جنید ارشد کو نوکری سے فارغ کردیا جبکہ 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا بھی سنائی۔
وفاقی محتسب کے فیصلے کے بعد اسٹیبلشمنٹ ڈویژن نے ڈی آئی جی جنید ارشد کی برطرفی کا نوٹی فکیشن جاری کر دیا۔
گزشتہ برس عائشہ سبحانی ایف آئی اے سائبر کرائم سرکل کو رپورٹ درج کراتے ہوئے کہا تھا کہ ان کے سابق شوہر جنید ارشد نے علیحدگی کے بعد ان کی ’نازیبا‘ تصاویر سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کردی۔
ٹرائل کورٹ میں سماعت کے دوران عدالت نے جنید ارشد کی گرفتاری کا حکم دیا مگر پولیس نے انہیں گرفتار نہیں کیا جس پر عائشہ سبحانی نے سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کو درخواست دی۔
یہ بھی پڑھیں: سابق اہلیہ کی تصاویر اپلوڈ کرنے پر ڈی آئی جی گلگت کی گرفتاری کا حکم
سپریم کورٹ نے ستمبر 2018 میں جنید ارشد کو فوری گرفتار کرنے اور ان کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈالنے کا حکم دیا تھا جس پر پولیس نے انہیں گرفتار کرلیا۔
اس دوران عائشہ سبحانی نے اپنے سابق شوہر کے خلاف وفاقی محتسب برائے حقوق خواتین کو شکایت درج کروائی۔ وفاقی محتسب برائے حقوق خواتین نے فیصلہ سناتے ہوئے ڈی آئی جی کو ملازمت سے برطرف کرنے اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنادی۔