فٹ بال ایسوسی ایشن میں کرپشن بے نقاب کرنے والا صحافی قتل

آزادی صحافت اور صحافیوں کے لیے گزشتہ برس کی طرح رواں سال بھی بھاری ثابت ہورہا ہے۔ افریقی ملک گھانا کی فٹبال ایسوسی ایشن میں کرپشن بے نقاب کرنے والے صحافی احمد حسین کو نامعلوم افراد نے گولی مار کر قتل کردیا ہے۔
احمد حسین کو بدھ کو اس وقت نشانہ بنایا گیا جب وہ گھانا کے دارالحکومت اکرا میں اپنے گھر جا رہے تھے۔ ان کو سینے اور گردن میں گولیاں لگیں۔
احمد حسین ان صحافیوں میں شامل تھا جنہوں نے گھانا فٹبال ایسوسی ایشن میں کرپشن کا راز فاش کیا تھا جس کے نتیجے میں گھانا فٹبال ایسوسی ایشن کے سربراہ کو اپنے عہدے سے ہاتھ دھونے پڑے جبکہ متعدد ممالک سے تعلق رکھنے والے فٹبال ریفریز اور دیگر حکام پر پابندیاں لگیں۔
گھانا پولیس نے صحافی کے قتل کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ احمد حسین کے قتل سے متعلق معلومات اکھٹی کر رہے ہیں اور کیس سے منسلک ہر فرد سے تفتیش کی جائے گی۔
چند دن قبل گھانا کے ایک رکن اسمبلی نے احمد حسین کی تصویر ٹی وی پر دکھاتے ہوئے کہا تھا کہ یہ خطرناک آدمی ہے اور جو اس کو مارے گا میں اس کو انعام دوں گا۔
احمد حسین نے اس واقعے کے بارے میں پولیس کو شکایت درج کرائی تھی۔