فیصل آباد کی سبزی منڈی میں ٹماٹر نے سینچری کرلی
اسٹاف رپورٹ
فیصل آباد : آج کل جہاں جائیں کرکٹ کا جادو سر چڑھ کر بول رہا ہے، فیصل آباد کی سبزی منڈی میں بھی ٹماٹر نے سنچری مکمل کر لی، ادرک کی قیمت اگلے پچھلے ریکارڈ توڑ کر تین سو پر ہے، جب کہ آلو میاں بھی ففٹی پرناٹ آؤٹ ہیں۔
ادھر ورلڈ ٹی ٹوئنٹی میں چوکے چھکے جاری ہیں، ادھر سبزی منڈی میں بھی قیمتیں ریکارڈ توڑ رہی ہیں، سبزیوں کی قیمت کے چھکے چوکے سنسنی پھیلا رہے ہیں، ٹماٹر اور لہسن سنچری مکمل کرچکے، پیاز اور آلو کی ففٹی، کریلے نے ڈبل سنچری بنا لی۔
جب کہ ادرک تین سو کے ساتھ اسکور بورڈ پر سب سے نمایاں ہے، ریکارڈ قیمتیں شہریوں کے چھکے چھڑا رہی ہیں، منڈیوں میں قیمتوں کے امپائر ضلعی حکومت کے عہدیداران لگتا ہے کہ نوبال کرانے والوں سے مل گئے ہیں، کہیں بھی اسکور بورڈ ڈھونڈے نہیں ملتا، من مانی کرنے والے دکاندار اسپاٹ فکسنگ کے بہانے تراش رہے ہیں۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتیوں میں مسلسل اضافے کی تیز گیندوں کے مقابلے کرنا اس کے بس سے باہر ہے اور انتطامیہ بگ تھری کا رول ادا کرکے قیمتوں کو کنٹرول کرے۔ سماء