کراچی میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کا افتتاح
ویب ایڈیٹر
کراچی : وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں کوئلے سے 660 میگا واٹ بجلی پیدا کرنے کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا، 2017ء تک منصوبے سے 1320 میگا واٹ بجلی حاصل ہوگی، نواز شریف کا کہنا ہے کہ منصوبہ حکومت کی کاوشوں کا ثمر ہے، اندھیروں کو روشنی میں بدلنے کا سفر تیزی سے جاری ہے، آئندہ 5 سال میں 5 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی۔
وزیراعظم نواز شریف نے کراچی میں پورٹ قاسم پر کوئلے سے 1320 میگا واٹ بجلی کے پیداواری منصوبے کا افتتاح کردیا، پہلے مرحلے میں 660 میگا واٹ بجلی پیدا ہوگی جبکہ 2017ء تک منصوبہ مکمل پیداوار دے گا۔
اس موقع پر وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ کراچی میں 660 میگا واٹ بجلی کے منصوبے کا افتتاح خوشی کا باعث ہے، یہ منصوبہ حکومت کی کاوشوں کا ثمر ہے، کوئلے سے بجلی پیدا کرنے میں لاگت کم ہوگی، پاکستان بجلی کی پیداوار میں تیزی سے ترقی کررہا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اندھیروں والا پاکستان ورثے میں ملا، اندھیروں کو روشنی میں بدلنے کا سفر تیزی سے جاری ہے، آئندہ 5 سال میں زیادہ سے زیادہ بجلی کی پیداوار کی بنیاد رکھنی ہے، 5 سالہ مدت میں 5 ہزار میگا واٹ بجلی سسٹم میں شامل ہوگی، موجودہ حکومت 21 ہزار میگا واٹ کے منصوبے لگارہی ہے۔
وزیراعظم کہتے ہیں کہ توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے چین نے مدد کی، بجلی کی لوڈشیڈنگ پر قابو پانے کیلئے کام کررہے ہیں، پہلا منصوبہ لگا دیا ہے، مزید لگائیں گے، گڈانی میں بجلی کی پیداوار کے 10 منصوبے لگائے جائیں گے، گلگت بلتستان میں 4500 میگا واٹ کا بھاشا ڈیم تعمیر کیا جارہا ہے، 20 سال آگے کا سوچ رہا ہوں۔ سماء