بی اے پی میں اختلافات، جام کمال کھل کر اپنے دفاع میں آگئے

بلوچستان عوامی پارٹی کے چئیرمین اور وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کا کہنا ہے وہ بحیثیت وزیر اعلیٰ اور پارٹی چئیرمین اپنے فرائض کی انجام دہی جاری رکھیں گے فساد پیدا کرنے والے عناصر کی پارٹی میں کوئی گنجائش نہیں ۔
وزیراعلیٰ بلوچستان جام کمال خان کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پرافواہیں اورغلط فہمی پھیلانے والے کونسلر کی سیٹ بھی نہیں جیت سکتے پارٹی کی تنظیم سازی کا آغازاس ہفتہ سے کردیا جائے گا ۔
جام کمال خان کا کہنا تھا کہ ماضی میں پی ایس ڈی پی، ترقیاتی منصوبوں ،نوکریوں میں باقاعدگیوں اراضی کے ریکارڈ میں ردوبدل اورکرپشن کو وزیر اعلیٰ سیکریڑیٹ سے نچلی سطح تک لے جانا بلو چستان کی پسماندگی کی وجہ ہے۔ اس صورت حال کے زمہ دار ان چند لوگوں کو یہ بات ہضم نہیں ہورہی کیونکہ انہیں پتہ ہے کہ وہ کن کن معاملا ت میں ملوث رہے ہیں ہماری مخلوط صوبائی حکومت نے ہر مسئلہ پر ایکشن لیا قانون سازی کی اور موثراقدامات اٹھائے پارٹی میں پھوٹ ڈال کر اسے کمزور کرنے کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ چند دنوں سے بلوچستان کی حکمران جماعت بلوچستان عوامی پارٹی میں وزیراعلیٰ اور پارٹی چئیرمین کی تبدیلی کے حوالے سے سوشل میڈیا پر خبریں سرگرم ہیں بی اے پی کے بعض رہنماؤں کی جانب سے پارٹی قیادت کی تبدیلی کام مطالبہ بھی سوشل میڈیا پر سامنے آیا ہے جس کے بعد وزیراعلیٰ جام کمال خان کی جانب سے یہ بیان جاری کیا گیا ہے ۔