شمالی علاقہ جات میں برف باری جاری، کئی علاقوں میں بارش کی رم جھم

ملک کے بالائی علاقوں میں بارش،پہاڑوں پربرفباری جاری ہے۔ اسلام آباد، راولپنڈی، ایبٹ آباد، مانسہرہ، مظفرآباد اور راولاکوٹ میں بارش ہوئی ہے جبکہ مری،گلیات، ٹھنڈیانی ، ناران، کاغان، سوات، کالام، مالم جبہ میں برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔ سوات کا درجہ حرارت منفی 5 ڈگری تک گرگيا ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق بالائی علاقوں میں ٹھنڈ بڑھ گئی ہے۔ ایبٹ آباد اور گردونواح میں دوسرے روز بھی بارش اورپہاڑوں پر برفباری کاسلسلہ جاری ہے۔ نتھیا گلی، ایوبیہ، چھانگلہ گلی اور ٹھنڈیانی سمیت سیاحتی مقامات برف سے ڈھک گئے ہيں۔
برفباری کے باعث ایبٹ آباد کو مری سے ملانے والی شاہراہ بند کردی گئی ہے اور ملحقہ رابطہ سڑکیں بھی بند ہیں۔ بارش اور برفباری کے باعث سردی کی شدت میں شدید اضافہ ہوا ہے۔

آزاد کشمیر میں برفباری اور بارش کا سلسلہ دوسرے روز بھي جاری ہے۔ وادی نیلم ، وادی لیپہ کرناہ میں شدید برفباری سے کئی اہم رابطہ سڑکيں بھي بند ہوگئيں ہيں۔ باغ، راولاکوٹ کے بالائی علاقوں میں برفباری ہوئی ہے۔
سرینگر،اسکردو،گلگت،ہنزہ،چترال سمیت بالائی پہاڑوں پربرفباری ہوئی ۔سوات کے بالائی علاقوں میں برفباری کا نیا سلسلہ شروع ہوا تو بچوں نے خوب ہلہ گلہ کیا۔
وادی کالام، مالم جبہ اور میاندم ویلی نے سفید چادر اوڑھ لی ہے۔ بچوں نے بھی گھروں سے نکل کر خوب ہلہ گلہ کیا۔ مکانات کی چھتیں برف سےڈھک گئیں تو چھوٹے بڑے لکڑی سے بنے آلات اٹھا کر برف ہٹانے کيلئے باہر نکل آئے۔ خون جما دینے والی سردی میں گاڑیاں بھي بند ہوگئيں ۔
ادھر حب اور گردونواح میں بارش سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے۔ اٹک اور گردونواح میں بارش سے موسم مزيد سرد ہوگيا اورسڑکیں تالاب بن گئیں۔اوباڑو، ڈھرکی، میرپورماتھیلو میں بھی موسم سرما کی پہلی بارش ہوئی ہے۔
رحيم يارخان اورگردونواح ميں بھي موسم سرما کي پہلي بارش ہوئي ہے۔ محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ ہلکي بارش کا سلسلہ آج دن بھر جاري رہے گا۔