وزیراعظم کو نیب کارروائی سے استثنیٰ حاصل نہیں، چیئرمین نیب کا فواد چوہدری کو جواب

قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال نے وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا ہے کہ جب اپوزیشن لیڈر نیب کی کارروائی کا سامنا کرسکتا ہے تو وزیراعظم نیب کارروائی سے استثنیٰ کیسے حاصل ہے۔ بہت سادہ لوگ ہیں جنہوں نے نیب کی کارروائی کو وزیراعظم کی توہین قرار دیا ہے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب کارروائی کا سامنا کرنا وزیراعظم کی توہین نہیں بلکہ ان کی عزت میں کئی گنا اضافہ ہوا ہے۔ ان کی توقیر ہوئی ہے اور قد کاٹھ میں بڑھا ہے۔

فواد چوہدری نے گزشتہ دنوں عمران خان کے خلاف نیب کی تحقیقات کو وزیراعظم کی توہین قرار دیا تھا۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ وزیراعظم کا احتساب بدعنوانی کے خاتمے کی جانب عملی قدم ہے۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ پاکستان میں قانون کی حکمرانی ہے۔ وزیراعظم نے خود وعدہ کیا تھا کہ وہ پاکستان سے بدعنوانی ختم کریں گے۔

جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا کہ نیب پر حکومتی عہدیداروں کے ساتھ رعایت کرنے کے لیے کوئی دباؤ نہیں ہے۔ اگر مستقل میں دباؤ کا سامنا کرنا بھی پڑا تو نیب کبھی اس کے سامنے سرنگوں نہیں ہوگا۔ اپنا کام آئین اور قانون کے مطابق کام کریں گے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا نیب واقعی سیاسی انتقام کے لیے استعمال ہورہا ہے؟

چیئرمین نیب نے کہا کہ ریمانڈ عدالتوں کا کام ہے اور عدالتیں تمام حقائق دیکھ کر ریمانڈ دیتی ہیں۔ انتقام یا زیادتی کا نیب میں کوئی تصور نہیں۔ نیب کا کسی کے ساتھ ذاتی جائیداد کا مسئلہ نہیں۔ نیب کی کسی گروپ، سیاسی جماعت یا حکومت سے وابستگی نہیں، نیب کی وفاداری اور وابستگی پاکستان اور پاکستانی عوام کے ساتھ ہے، جہاں پاکستان کا مسئلہ آئے گا تو بات ہوگی۔

انہوں نے نیب پر جانب داری کا الزام مسترد کرتے ہوئے کہا کہ کہیں بھی جرم ہوا ہے تو انکوائری ہوگی۔ این آر او کوئی بھی دے کسی کو بھی دے نیب اس کا حصہ نہیں ہوگا۔ ہمارے لیے پاکستان کے مفادات مقدم ہیں، ہم نے ان کا تحفظ کرنا ہے، سیاستدان حزب اختلاف سے ہیں یا اقتدار سے، ہمارے لیے قابل احترام ہیں، ہمارے لیے سب برابری کا درجہ رکھتے ہیں اور ہم نے کسی کوترجیح نہیں دی۔

جاوید اقبال نے کہا کہ حزب اختلاف تھوڑا باذوق ہو، نیب کو کم از کم منشا بم تو نہ کہیں، نیب کبھی منشا بم تھا نہ ہوگا، نیب ہائیڈروجن یا نائیٹروجن بم ضرور ہے جو بدعنوانی کے خاتمے کے لیے آیا ہے۔

چیئرمین نیب نے کہا کہ کسی ہاؤسنگ سوسائٹی نے عوام کے ساتھ زیادتی کی ہے تو وہ پیسہ واپس آئے گا۔

IMRAN KHAN

Prime minster

Fawad chohdry

Tabool ads will show in this div