سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے چارارب روپے کے چھ منصوبوں کی منظوری دیدی
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی نے چار ارب روپے کے چھ منصوبوں کی منظوری دیدی اور نوسوبارہ ارب کے چھ منصوبےحتمی منظوری کے لئے ایکنک کو بھجوا دیئے گئے ۔ ایجنڈے میں شامل تین منصوبوں پر غور آئندہ اجلاس تک موخر کر دیا گیا۔
پلاننگ کمیشن کے اعلامیئے کے مطابق وفاقی وزیر احسن اقبال کی زیرصدارت سی ڈی ڈبلیو پی کے اجلاس میں فوڈ اینڈ ایگریکلچر، ایجوکیشن ،ہائر ایجوکیشن اور پانی کے شعبے کے پندرہ منصوبوں کا جائزہ لیا گیا۔ پارٹی نے نوسو سترہ ملین روپے کے جی آئی ایس سسٹم کی تنصیب، تین ارب کے ایلیمنٹری اساتذہ کی صلاحیت میں اضافے کے منصوبے کی منظوری دی۔
سات سو پینتیس ارب کا داسو پن بجلی منصوبہ،ایک سو چھیانوے ارب کا جامشورو پاور منصوبہ اور چار ارب کا قائد اعظم سولر پارک منصوبہ بھی منظور کر لیا گیا۔
یونیورسٹی آف پنجاب میں مختلف شعبوں کی اپ گریڈیشن،ایبٹ آباد میں کامسیٹس انسٹی ٹیوٹ کا قیام اور نارووال میں یو ای ٹی کیمپس کے منصوبے بھی منظور کر لئے گئے۔
بلوچستان یونیورسٹی میں ایم ایف ریڈیو کے قیام، شمالی وزیرستان میں کیتو آبپاشی منصوبہ اور انڈس واٹر سیکٹر کیپسٹی اینڈ ایڈ وائزری منصوبے کو بھی منظور کر لیا گیا۔
ایک ارب روپے سے زائد مالیت کے تمام منصوبوں کی حتمی منظوری ایکنک دے گی۔ سماء