العزیزیہ ریفرنس،نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد ہائی کورٹ میں برطرف وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی گئی ہے۔ درخواست کی سماعت دو رکنی بینچ کرے گا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے 2 رکنی بینچ میں چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق ڈویژن شامل ہیں۔ دو رکنی بینچ اگلے ہفتے 7 جنوری پیر کو نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کریں گے۔

 

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ العزیزیہ ریفرنس میں سابق وزیراعظم نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست اسلام آباد ہائی کورٹ کے رجسٹرار آفس کے اعتراضات دور کرکے تیسری بار دائر کی گئی تھی۔

 

اس سے قبل احتساب عدالت کے فیصلے کے خلاف یکم جنوری کو اپیل دائر کی گئی تھی جس میں نواز شریف کی سزا کی معطلی اور ضمانت پر رہائی کی اپیل کی گئی تھی تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ کے رجسٹرار نے درخواست کو نامکمل قرار دے کر واپس کردیا تھا۔ بعد ازاں نواز شریف کے وکلاء نے 3 جنوری کو درخواست کو مکمل کرکے ایک بار پھر دائر کیا تاہم رجسٹرار نے گذشتہ روز دوسری بار سابق وزیراعظم کی اپیل پر اعتراض لگا کر اسے واپس کردیا تھا۔

 

واضح رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کو احتساب عدالت نے 24 دسمبر کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید اور جرمانے کی سزا سنائی تھی، جب کہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔

 

وزیراعظم کو پاناما کیس کے فیصلے کی روشنی میں دائر ایون فیلڈ ریفرنس میں بھی 11 سال کی سزا سنائی گئی جس میں ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد محمد صفدر بھی سزا پاچکے ہیں، تاہم اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں کی سزا معطل کرکے ان کی ضمانت پر رہائی کا حکم دے دیا تھا۔

ISLAMABAD HIGH COURT

Accountabilitycourt

al aziziya reference case

Tabool ads will show in this div