ملک کے بالائی علاقوں میں برف باری،موسم انتہائی سرد

ملک کے شمالی علاقوں میں کئی انچ برف باری کے بعد موسم انتہائی سرد ہوگیا ہے۔ مری میں رات سے شروع ہونے والی برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ آزاد کشمیر میں بھی شدید برف باری ہوئی ہے۔ لاہور،اسلام آباد سمیت کئی شہروں میں بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ملک کے بالائی علاقے شدید ترین موسم سرما کی لپیٹ میں ہیں۔ مری سمیت ایبٹ آباد، دیر، نتھیا گلی، چھانگلہ گلی، ایوبیہ اور آزاد کشمیر کے کئی علاقوں میں برف باری کا سلسلہ جاری ہے۔ وادی نیلم میں 2 سے 5 انچ تک برف پڑ چکی ہے جس سے نظام زندگی مفلوج ہوگیا ہے۔ ایبٹ آباد میں 3 سے 7 انچ تک برفباری ہوگئی ہے جبکہ  برف کے باعث  مری روڈ اور تمام لنک روڈ بند ہوگئے ہیں۔

وادی نیلم،وادی لیپہ کرناہ ،ضلع باغ ،حویلی راولاکوٹ کی اہم رابطہ سڑکیں بند ہوگئي ہیں ، بجلی اور ٹیلی فون کا نظام بھي معطل ہوگيا ہے۔برف باری کا سلسلہ کل بروز اتوار تک جاری رہنے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

دیر کے میدانی علاقوں میں بارش اور بالائی و سیاحتی علاقوں  لواری ٹاپ، کمراٹ اور ڈوگ درہ میں برفباری سے ہرطرف سفیدي چھا گئي۔ تاہم لواری ٹنل سے چترال کیلئے ٹریفک بحال ہے۔

اس کے علاوہ اسلام آباد، راول پنڈی، پشاور، کوہاٹ، ساہیوال، مردان، بنوں میں بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ لاہور کے مختلف علاقوں ميں بوندا باندی کے باعث سردی کی شدت ميں اضافے کے ساتھ ساتھ دھند ميں کمي بھي ہوئي ہے۔

ادھر ترجمان موٹروے سید عمران احمد شاہ نے بتایا کہ قومی شاہراہوں اور موٹرویز پر دھند چھائی ہوئی ہے۔ خانیوال، ملتان، لاڑ میں دھند ہے۔ بستی ملوک، لودھراں، مسافر خانہ، بہاولپور میں دھند کا راج ہے۔

ترجمان موٹروے پولیس کےمطابق  ملتان خانیوال موٹروے کو شدید دھند کی وجہ سے بند کر دیا گیا ہے اورحدِ نگاہ صفر سے40 میٹر تک رہ گئي ہے۔دھند سے متاثرہ علاقوں میں سفر کرنےوالوں کوگاڑیوں پر فوگ لائٹس کا استعمال کرنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ دھند کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کرنے کا مشورہ بھی دیا گیاہے۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ خراب موسمی صورتحال کے باعث شہری موٹروے پولیس ہیلپ لائن 130، ہم سفر ایپ سے معلومات حاصل کر سکتے ہیں۔

MET OFFICE

SNOW FALL

تبولا

Tabool ads will show in this div

تبولا

Tabool ads will show in this div