ہر پانچ میں سے ایک عرب نوجوان ہجرت کرنا چاہتا ہے، رپورٹ
ایک مطالعاتی رپورٹ کے مطابق شمالی افریقی ممالک اور لبنان سے تعلق رکھنے والے ہر پانچ میں سے ایک عرب نوجوان کی خواہش ہے کہ وہ ترک وطن کرلے جب کہ ان میں جامعات سے فارغ التحصیل افراد بھی شامل ہیں۔
یورپی کمیشن کی جانب سے مرتب کی گئی اس سروے رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ الجزائر، مصر، لبنان، مراکش اور تیونس سے تعلق رکھنے والے تقریباً دس ہزار نوجوانوں سے رائے طلب کی گئی، جس میں ان نوجوانوں نے اپنے عدم اطمینان اور معاشرتی مسائل کا ذکر کیا۔
بارسلونا کے مرکز برائے بین الاقوامی امور سے وابستہ خاتون ماہر ایلینا سانچیز مونتیخانو کا کہنا ہے کہ لبنان اور شمالی افریقی ممالک کے نوجوان اپنے آبائی ممالک میں کسی بہتر زندگی سے متعلق متعدد خدشات رکھتے ہیں۔
اس سروے رپورٹ کے مطابق تیونس کے 53 فیصد نوجوان اپنا ملک چھوڑنا چاہتے ہیں۔عرب نوجوان سیاست سے بیزار ہیں اور حالیہ انتخابات میں ان میں سے ووٹ کے اہل تقریباً ساٹھ فیصد نوجوانوں نے اپنا حق رائے دہی ہی استعمال نہیں کیا۔
اس سروے میں شامل رائے دہندگان میں سے 28 فیصد نوجوانوں نے ترک وطن کی خواہش کی وجہ اپنے ہاں برے معیار زندگی کو قرار دیا، 22 فیصد نے مالی صورت حال کو، 12 فیصد نے روزگار کو جب کہ 10 فیصد نے تعلیم کو اپنی اس خواہش کی وجہ بتایا۔
اس سروے کے مطابق الجزائر میں ملک چھوڑنے کے خواہش مند نوجوانوں کی تعداد 25 فیصد تھی۔