کے الیکٹرک کیلئے بجلی اکاسی پیسے فی یونٹ مہنگی ہوگئی
اسٹاف رپورٹ
اسلام آباد : نیپرا نے کے الیکٹرک کیلئے بجلی اکاسی پیسے فی یونٹ مہنگی کردی،جب کہ نندی پور پاور پراجیکٹ کیلئے بجلی کا ٹیرف گیارہ روپے تیس پیسے فی یونٹ مقرر کردیئے گئے ہیں۔ نیپرا نے کراچی میں بلاجواز لوڈشیڈنگ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کے الیکٹرک کو پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کرنے کی ہدایت کر دی۔
نیپرا نے کےالیکٹرک صارفین کیلئے جنوری کے فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی ٹیرف بڑھانے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔ اکاسی پیسے فی یونٹ کی یہ اضافی رقم مئی کے بلوں میں وصول کی جائے گی۔ نیپرا نے کراچی میں بجلی کی بلاجواز لوڈشیڈنگ پر اظہار تشویش کیا ہے اور کے الیکٹرک کو پوری صلاحیت کے مطابق بجلی پیدا کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔
دوسری طرف نیپرا نے نندی پورپاور منصوبے کا ٹیرف گیارہ روپے تیس پیسے فی یونٹ مقرر کر دیا، نیپرا نے چار سو پچیس میگاواٹ کے اس منصوبے کی تکمیل میں تین سال کی تاخیر کی لاگت چوبیس ارب روپے صارفین پر ڈالنے کی درخواست مسترد کر دی اور انہتر ارب کے بجائے پینتالیس ارب تیس کروڑ روپے صارفین پر ڈالنے کی منظوری دی ہے۔ سماء